سابق کپتان جویریہ نے شادی کرلی

   

کراچی ۔ پاکستانی خاتون کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔ جویریہ خان کی شادی کی پروقار تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں عزیز و اقارب کے علاوہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ جویریہ خان کی شادی کی تقریب سے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ تصاویر میں انہیں عروسی جوڑے میں ہلکے میک اپ اور زیورات زیب تن کیا دیکھا جاسکتا ہے۔ خاتون کھلاڑی کی شادی سے وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر اور بیٹر عائشہ ظفر سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ جویریہ خان نے 116 ونڈے اور 122 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ جویریہ خان نے مئی 2008 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے ونڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ ونڈے میچز میں انہوں نے پاکستان کے لیے 2885 رنز جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں 2018 رنز اسکور کیے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ونڈے میچ 2022 میں ہندوستان جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی فروری 2023 میں آئرلینڈ کیخلاف کھیلا تھا۔