سات ماہ کی قید کے بعد فاروق عبداللہ رہا

,

   

Ferty9 Clinic

میں آزاد ہوں لیکن یہ آزادی مکمل نہیں ہے ‘ سابق چیف منسٹر جموںو کشمیر کا رد عمل

سرینگر 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سات مہینے تک گھر پر نظر بند رکھنے کے بعد سابق چیف منسٹر جموںو کشمیر فاروق عبداللہ کو آج حکومت نے رہا کردیا اور ان کے خلاف انتہائی سخت گیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ برخواست کردیا گیا ۔ 82 سالہ فاروق عبداللہ نیشنل کانفرنس کے لیڈر ہیں اور ابتداء میں انہیں 5 اگسٹ کو احتیاطی حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ اسی دن مرکزی حکومت نے جموںو کشمیر کو خصوصی موقف دینے والے دستور کے دفعہ 370 کو حذف کردیا تھا ۔ بعد میں فاروق عبداللہ کو گھر پر نظربند کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت گیر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ۔ فاروق عبداللہ کو گپکار روڈ پر ان کی قیامگاہ پر ہی نظربند رکھا گیا تھا ۔ رہائی کے بعد اپنے گھر سے باہر آتے ہوئے فاروق عبداللہ نے مطالبہ کیا کہ ان کے فرزند و سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ کے علاوہ سابقہ چیف منسٹر محبوبہ مفتی اور دوسرے سیاستدانوں کو بھی رہا کیا جائے جنہیں مختلف جیلوں میں قید رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ فارو ق عبداللہ نے اپنے گھر کے باہر کہا کہ آج وہ آماد ہیں لیکن یہ آزادی مکمل نہیں ہے ۔ یہ آزادی اسی وقت مکمل ہوگی جب دوسرے قائدین جیسے عمر عبداللہ ‘ محبوبہ مفتی اور دوسروں کو بھی جیلوں سے رہا کیا جائیگا ۔ 220 دن کی حراست کے بعد فاروق عبداللہ میڈیا کے سامنے پیش ہوئے ۔ مرکزی زیر انتظام علاقہ کے ہوم سکریٹری کے حکمنامہ کے مطابق فاروق عبداللہ کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کا جو حکمنامہ جاری کیا گیا تھا اور اس میں دو مرتبہ تین تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی وہ اب برخواست کردیا گیا ہے ۔ فاروق عبداللہ کے خلاف یہ مقدمہ اس لئے بھی درج کیا گیا تھا کہ اس کے تحت تین ماہ تک کسی پیشی کے بغیر حراست میں رکھا جاسکتا ہے اور اس میں دو سال تک وقفہ وقفہ سے توسیع دی جاسکتی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ شاہد اقبال چودھری نے ان کے گھر پہونچ کر انہیں رہائی کا حکمنامہ حوالے کیا ۔ فاروق عبداللہ سرینگر لوک سبھا رکن ہیں اور وہ پہلے چیف منسٹر تھے جن کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی رہائی کیلئے جن جن لوگوں نے اپیلیں کی تھیں وہ ان تمام سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔

فاروق عبداللہ نے رہائی کے فوری بعد والد کی قبر پر حاضری دی
سرینگر ۔ /13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائی کے فوری بعد والد شیخ عبداللہ کی قبر پر حاضری دی ۔ حضرت بل کے قریب ڈل جھیل کے کنارے واقع قبر پر پہونچ کر دعاء کی ۔ انہیں 221 دن کی حراست کے بعد رہا کیا گیا ہے ۔ وہ گزشتہ سال اپنی والد کی برسی کے موقع پر یہاں نہیں آسکے تھے ۔