حیدرآباد۔/22 مارچ، (پی ٹی آئی) سارا تلنگانہ اتوار کی شام تالیوں سے گونج اٹھا جب گورنرتملی سائی سوندراراجن اور چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی قیادت میں ساری ریاست میں کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے جاری مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے محکمہ صحت و طبابت کے اسٹاف اور دوسروں کی بھرپور ستائش کی گئی ۔وزیراعظم نریندرمودی کی اپیل پر عمل کرتے ہوئے گورنر سندراراجن اور ان کے ارکان خاندان اور اسٹاف نے 5 بجے شام راج بھون میں 5 منٹ تک تالیاں بجائے ۔ اس طرح چیف منسٹر کے چندرا شیکھرراؤ نے اپنی سرکاری رہائش گاہ و کیمپ آفس پر جیسے ہی شام کے 5 بجے تمام ارکان خاندان ‘ کابینہ رفقاء ‘ٹی آر اایس کے منتخب نمائندوں اور سرکاری عہدیداروں کے ساتھ تالیاں بجاتے ہوئے ان تمام کا شکریہ ادا کیا جو اس وباء کے خلاف جنگی خطوط پر چلائی جانے والی مہم میں مصروف ہے ۔ دونوں موقعوںپر تالیوں کی گونج کے درمیان شنکھ کی گونج ‘ برتن بجانے کی آوازیں اور گھنٹوں کی صدائیں بلند ہونے لگیں اور ساری فضاء مختلف آوازوں سے گونج اٹھی۔
