ڈائرکٹر میوزیم سے تنظیم آواز کے نمائندوں کی ملاقات
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) تنظیم آواز کے وفد نے آج ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت حوالے کی جس میں میوزیم سے ہندو مہا سبھا کے قائد ویر ساور کر کا پورٹریٹ ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے سکریٹری عبدالستار اور دیگر قائدین بابا خاں، شیخ یعقوب، محمد جہانگیر اور اصغر علی نے ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم سے کہا کہ اس تاریخی میوزیم میں متنازعہ شخصیت کی تصویر آویزاں کرنے سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ حیدرآباد امن اور تہذیب کا گہوارہ ہے اور سالار جنگ میوزیم میں جہاں دنیا بھر کے عجائبات کو عوام کے مشاہدہ کیلئے رکھا گیا ہے وہاں متنازعہ شخصیت کا پورٹریٹ آویزاں کرنا مناسب نہیں ہے۔ دنیا بھر سے سیاح سالار جنگ میوزیم پہنچتے ہیں اور حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب و فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے متاثر ہوتے ہیں۔ ایسے میں ویر ساورکر کی تصویر لگانا امن کو درہم برہم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔ تنظیم آواز حیدرآباد سٹی کمیٹی پورٹریٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ویر ساورکر کی تصویر آویزاں کرتے ہوئے ملک کے مجاہدین آزادی کی توہین کی گئی۔ تنظیم نے کہا کہ اگر پورٹریٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو احتجاج شروع کیا جائے گا۔ر