سال نو تلنگانہ کیلئے امن خوشحالی کا ثابت ہوگا

   

وزیر فینانس ہریش راؤ اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے پیامات
حیدرآباد ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے سال نو کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے پیام میں انہوں نے نئے سال میں نئے خیالات ، نئے مقاصد اور عوامی خدمت کے جذبہ کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی کاوشوں سے سال 2019 ء تمام طبقات کیلئے ترقی ، خوشحالی ، امن خوشی اور مسرت کے ساتھ گزرا ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والا سال بھی عوامی کی زندگی میں خوشیاں بکھیر دے گا ۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نئے سال کی شروعات سے ہی اپنے نئے مقاصد طئے کرتے ہوئے ان کے حصول کے لئے منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال نوجوانوں کو مقاصد کی تکمیل کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے 2019 ء کو الوداع کہتے ہوئے سال 2020 ء کو خوش آمدید کہا اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بھی تلنگانہ عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے اپنے پیام میں کہا کہ سال 2020 تلگو عوام کے لئے بھلائی کا سال ثابت ہوگا۔ میں تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ عوام نئے سال میں امن و خوشحالی کے ساتھ زندگی بسر کریں گے۔ 2019 ء میں بعض واقعات پیش آئے لیکن میں امید کرتا ہوں کہ 2020 امن اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا اور ناخوشگوار واقعات سے پاک رہے گا۔