سال کا آخری مکمل سورج گہن 4 ڈسمبر کو ہوگا

,

   

حیدرآباد 30 نومبر ( سیاست نیوز ) پانچ صدیوں کے سب سے بڑے جزوی چاند گہن کے 18-19 نومبر کو پیش آنے کے بعد فلکیاتی نظاروں کے مشتاق افراد کیلئے اب 4 ڈسمبر کو بھی ایک موقع پے جب سال کا آخری مکمل سورج گہن ہوگا ۔ یہ سورج گہن دنیا کے کئی حصوں سے نظر آئیگا ۔ اس کے بعد آئندہ سورج گہن 20 اپریل 2023 کو ہوگا ۔ ڈاکٹر بی جی سدھارتھ سابق ڈائرکٹر بی ایم برلا سائینس سنٹر نے بتایا کہ 4 ڈسمبر کو ہونے والا سورج گہن مکمل سورج گہن ہوگا تاہم اس کا مشاہدہ انتارتیکا سے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اس سورج گہن کو دیکھنے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ اس کیلئے ایک انتہائی نادر فلکیاتی نظارہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گہن کے دوران چاند ‘ سورج اور زمین کے درمیان آجائیگا اور زمین پر اس کا سایہ پڑیگا ۔ سورج کی روشنی کو یہ چاند جزوی یا مکمل طور پر روک دیگا۔ جنوبی کرہ ارض میں مقیم عوام اس کا مشاہدہ کرسکیں گے ۔ ہندوستانی معیار وقت کے مطابق سورج گہن کا آغاز دن میں 10.59 بجے ہوگا اور رات 12.30 بجے تک جاری رہے گا ۔