100 کروڑ کی فوری اجرائی ، بریجس کی تکمیل کا بھی اعلان ، وزیر کے ٹی آر کا اسمبلی میں بیان
حیدرآباد۔4۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) چارمینارپیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر پر مجھے بھی افسوس ہے اور خود میں نے 2مرتبہ اس پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جو ہدایات جاری کی تھی اس کے مطابق کام مکمل نہیں ہوپائے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق مسٹر کے ٹی راماراؤ نے سی پی پی میں ہونے والی تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے لئے 100 کروڑ روپئے فوری جاری کئے جائیں گے اور 2024 کے اختتام سے قبل چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت شہر حیدرآباد کے لئے ’’ورلڈ ہیریٹیج ٹیاگ‘‘ حاصل کرنے کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں سابق میں کوشش بھی کی جاچکی ہے اور گنبدان قطب شاہی کو عالمی تہذیبی ورثہ میں شامل کروانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کے ٹی راما راؤنے آج ایوان اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا اور کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل کے لئے ’’سلور جوبلی ‘‘ نہیں ہوگی۔ کے ٹی راما راؤ نے موسیٰ ندی پر ہاکرس کے لئے 2برج کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت کے منصوبہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2 برجس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور ان برجس کے لئے 80کروڑ کا تخمینہ لگایا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان دو برجس میں ایک برج سالار جنگ برج تا آصفیہ لائبریری کے درمیان تعمیر کیا جائے گا۔ انہو ںنے پرانے شہر میں جاری تعمیری و ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت محبوب چوک مارکٹ کی تعمیر ‘ سردار محل کو خوبصورت بنانے کا عمل جاری ہے علاوہ ازیں خورشید جاہ دیوڑھی کی تزئین نو کے کام جاری ہیں۔ وزیر بلدی نظم ونسق نے بتایا کہ حکومت نے بتایا کہ تاریخی چارمینار تک ’’ٹرام‘‘ خدمات کو یقینی بنانے کے لئے دوبارہ فرانسیسی کمپنی سے مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا اور ممکنہ حد تک اس پر عمل کروانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چارمینار کے اطراف مجوزہ نئی سڑکوں کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں گلزار حوض سے کوٹلہ عالیجاہ سڑک کے علاوہ کالی کمان سڑک کے کاموں کی جلد تکمیل کرلی جائے گی۔ انہو ںنے مکہ مسجد سے متصل نئی سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کا تیقن دیا اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے پاس موجود دو جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جلد مذاکرات شروع کئے جائیں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے لاڈ بازار کو خوبصورت بنانے اور دکانوں کے آگے کمانوں کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کاموں کوبھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ پر مجوزہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس میں تجارتی مرکز کی تعمیر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نامپلی میں پارکنگ کامپلکس کی تعمیر عمل میں لائی جا رہی ہے اسی طرز پر حکومت چارمینار بس اسٹینڈ اور خزانہ عامرہ میں مجوزہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے ایوان کو اس بات سے بھی واقف کروایا کہ موسیٰ ندی پر مجوزہ برجس کے علاوہ ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے لئے ٹنڈر طلب کئے جانے کے باوجود کسی نے کوئی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ انہو ںنے قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی کو مشورہ دیا کہ اگر ان کے پاس ایسی کوئی کمپنی ہے جو ان کاموں کو انجام دینے کے لئے تیار ہے تو وہ عہدیداروں سے مشاورت کریں اور شفاف ٹنڈر کے ساتھ ان کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ’حقیقی حیدرآباد‘ کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں منصوبہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت پرانے شہر کی تاریخی عمارتوں کی تزئین کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہو ںنے جناب اکبر الدین اویسی اور دیگر ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ 7 اگسٹ کو ان کے عہدیداروں کے ساتھ منعقد ہونے والے مجوزہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ ان کی تجاویز پر عہدیدار ان کا جائزہ لے سکیں۔ وزیر نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہروپراجکٹ کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر پرانہیں افسوس ہے‘ انہوں نے اس پراجکٹ کے دوران شروع کئے جانے والے کاموں اور نئے کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی رفتار سے وہ خود بھی مطمئن نہیں ہیں لیکن 2024 کے اختتام سے قبل اس پراجکٹ کے کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔انہوں نے عہدیداروں کو اس پراجکٹ کے امور کے متعلق ضروری ہدایات جاری کرنے اور کاموں کی تکمیل کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ۔