ساوتھ انڈین کسان کانگریس کی کل شہر میں کانفرنس

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : ساوتھ انڈین کسان کانگریس کانفرنس شہر میں 29 جنوری کو منعقد ہوگی ۔ جس میں پارٹی اور ملک کے کئی اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ اس کانفرنس میں ، جو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون میں منعقد ہوگی ، زراعت کے بحران ، کسانوں کی خود کشی ، زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدر ایم کوڈنڈا ریڈی اور ریاستی یونٹ صدر انویش ریڈی نے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات پر طویل تبادلہ خیال کریں گے اور کہا کہ یہ کانفرنس دن بھر منعقد ہوگی ۔ کوڈنڈا ریڈی نے کہا کہ اے آئی سی سی کسان کانگریس چیرمین نانا پٹول اور کرناٹک ، کیرالا ، آندھرا پردیش ، پانڈیچری ، ٹامل ناڈو سے پارٹی کے نمائندے اس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی قائد ملو بھٹی وکرمارکا ، اے پی سی سی صدر این رگھویرا ریڈی اور دوسرے اس کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔۔