ساوتھ سنٹرل ریلوے کے تمام اسٹیشنس پر کیو آر کوڈ پے منٹ سسٹم کو وسعت

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : جنرل بکنگ اور ریزرویشن کاونٹرس پر بھی کیش لیس معاملت کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل پے منٹس میں اضافہ کے لیے ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ایک اضافی سہولت کا آغاز کیا ہے جس میں مسافرین ٹکٹس کے لیے ادائیگی کیو آر ( کوئیک رسپانس ) کوڈس کا استعمال کرتے ہوئے کرسکتے ہیں ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں کے مطابق اس سے مسافرین کو نقد رقم لے جانے اور ٹھیک چینج دینے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ اس میں ٹکٹس بھی فوری حاصل کرسکتے ہیں۔ زون میں تمام ٹکٹنگ کاونٹرس پر علحدہ ڈیوائسیس لگائے گئے ہیں ۔ ٹکٹ کی اجرائی کے لیے تمام ضروری تفصیلات سسٹم میں داخل کرنے پر ان ڈیوائسیس پر ایک کیو آر کوڈ ڈسپلے ہوتا ہے تب مسافرین ان کے موبائل فونس پر پے منٹ ایپس کا استعمال کرتے ہوئے اس کوڈ کو اسکین کرسکتے ہیں جس پر ٹرانزیکشن مکمل ہوتا ہے ۔ ادائیگی کی توثیق ہونے کے بعد ٹکٹ بنایا جائے گا اور مسافرین کو جاری کیا جائے گا ۔ ابتداء میں یہ سہولت اہم اسٹیشنس کے بڑے کاونٹرس پر شروع کی گئی تھی جسے اب زون میں تمام کاونٹرس پر وسعت دی جائے گی ۔ تمام اسٹیشنس کو ضروری ڈیوائسیس سربراہ کئے گئے ہیں اور کئی اسٹیشنس پر اس پر عمل درآمد شروع ہوچکا ہے ۔ یہ عمل چند دن میں پوری طرح مکمل ہوجائے گا ۔۔