ساورکر کے معافی نامے کے بارے میں راہول گاندھی کے بیان کی تائید

   


حقیقی مجاہدین آزادی نظر انداز، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔19 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ساورکر کے بارے میں کانگریس قائد راہول گاندھی کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ساورکر نے انگریزوں سے معذرت خواہی کی تھی تاکہ ان کی سزا ختم کردی جائے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ راہول گاندھی نے ساورکر کا معافی نامہ عوام میں پیش کرتے ہوئے ہندوتوا طاقتوں کی حقیقت کو بے نقاب کردیا ہے ۔ بی جے پی اور دیگر پارٹیاں ساورکر کو دیش بھکت ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی نے حقیقی مجاہدین آزادی کو نظر انداز کرنے کی سازش رچی ہے ۔ مہاتما گاندھی ، مولانا ابوالکلام آزاد اور دیگر مجاہدین آزادی پر ساورکر کو اہمیت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ جیل سے رہائی کیلئے ساورکر نے انگریز حکمرانوں کو معافی نامہ روانہ کیا تھا ۔ پنڈت جواہر لال نہرو طویل عرصہ تک جیل میں رہے لیکن انہوں نے کبھی بھی انگریزوں کو خط نہیں لکھا۔ کسی بھی حقیقی مجاہد آزادی نے انگریزوں کے ساتھ معاہدہ نہیں کیا۔ برخلاف اس کے ساورکر نے انگریزوں کے حق میں کام کیا تھا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جدوجہد آزادی کی تاریخ تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے راہول گاندھی کی تائید میں مہم کی تجویز پیش کریں گے ۔ر