شمس آباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست بھر کے تمام تالاب لبریز ہوچکے ہیں ۔ راجندر نگر کے علاقہ میں واقع اپا چیرو بھی لبریز ہو کر پانی نیشنل ہائی وے پر پہنچ گیا جس کی وجہ سے راستہ کو بند کرنا پڑا تھا ۔ آج صبح چیوڑلہ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر رنجیت ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ اور سائبر آباد کمشنر اسٹیفن رویندرا ، آر ڈی او چندرا کلا نے دورہ کیا ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 24 گھنٹے تیار رہیں اور عوامی مسائل کو فورا حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ۔ اپا چیرو لبریز ہونے کے بعد اس کا پانی بہتا ہوا نیشنل ہائی وے پر جمع ہورہا ہے ۔ جس کی وجہ سے راستہ کو بند کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار ، حکومت ، ریونیو ، میونسپل ، ایریگیشن عہدیدار الرٹ ہیں ۔ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ بارش کے موقع پر غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلے ۔ حکومت ایک تالاب سے دوسرے تالاب کو لنک کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ جس کے لیے چیف منسٹر نے 300 کروڑ روپئے منظور کئے اور آئندہ برسات سے قبل کام کو تکمیل کرلیا جائے گا ۔ شمس آباد میں بھی مسلسل بارش کی وجہ سے کئی کالونیوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ سورج گارڈن سٹی جھیل میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ شمس آباد تالاب لبریز ہو کر اس کا پانی برقی سب اسٹیشن میں داخل ہورہا ہے جس کی وجہ سے سب اسٹیشن کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔ شمس آباد کے مختلف کالونیوں میں میونسپل چیرپرسن کولن سشما ریڈی اور میونسپل کمشنر صابر علی نے دورہ کیا ۔۔