سب سے زیادہ رنز،روٹ نے کک کا ریکارڈ توڑدیا

   

ملتان ۔ انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ نے تاریخ رقم کردی۔ ملتان ٹسٹ میں انہوں نے جیسے ہی اپنی اننگز میں73 رنز کا ہندسہ عبور کیا وہ انگلینڈ کے لیے ٹسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایلسٹر کک کے پاس تھا۔ یہی نہیں روٹ نے ملتان میں پاکستان کے خلاف ایک ہی اننگز میں 3 ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 556 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں دوسرے دن انگلینڈ نے پہلی وکٹ صرف 4 رنز پر گنوادی۔ اس کے بعد جو روٹ بیٹنگ کے لیے آئے اور جیسے جیسے اننگز آگے بڑھی، ان کے نام ایک ایک کرکے ریکارڈز درج ہونے لگے۔ پاکستان کے خلاف میچ میں اترنے سے قبل جو روٹ نے 146 میچوں میں 50 کی اوسط سے 12402 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ ان کے نام 34 سنچریاں اور64 نصف سنچریاں بھی درج ہیں۔ وہ ان بیٹرس میں سے ایک رہے ہیں جنہوں نے انگلینڈ کے لیے مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جسے انہوں نے ایک بار پھر ریکارڈ بنا کر ثابت کردیا۔ تیسرے دن لنچ سے قبل وہ 72 رنز بنانے کے بعد 12474 رنز تک پہنچ گئے۔ اس کے ساتھ وہ کک کو پیچھے چھوڑگئے اور انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ کک نے اپنے کیریئر کے 161 میچوں میں 45 کی اوسط سے 12472 رنز بنائے ہیں۔ علاوہ ازیں جو روٹ نے دورہ پاکستان پرکھیلی گئی پہلی ہی اننگز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے ہیں۔ انہوں نے27 رنز مکمل کرتے ہی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلو ٹی سی) میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیا۔ روٹ اب ڈبلیو ٹی سی کی تاریخ میں 5000 رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے اور واحد بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں جملہ 59 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 5000 رنز کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے چائے کے وقفہ تک اپنی 35 ویں سنچری بھی مکمل کرلی تھی ۔