ستیہ پال ملک کے بیان سے ہمارے مؤقف کی تصدیق ہوگئی: دفترِ خارجہ

   

اسلام آباد : پاکستان دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے پلوامہ حملہ کے بیان نے پاکستانی مؤقف کی تصدیق کی ہے، پلوامہ حملہ کے بارے میں تازہ ترین انکشافات پاکستانی مؤقف کی حمایت ہے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہندوستان، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات سے اپنے شرمناک بیانیے اور سیاسی ایجنڈے کو فروغ دیتا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات اور پاکستان کے خلاف جھوٹ اور فریب پر مبنی ہندوستانی پروپیگنڈا مہم کا نوٹس لے گی۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ہندوستان کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے، بھارت کو پلوامہ حملہ کے بعد علاقائی امن متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان، بھارت کے جھوٹے اور اشتعال انگیز بیانیے کے خلاف مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا۔