سجدہ یا تھکاوٹ ؟ سمیع کا ویڈیو وائرل

   

ممبئی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سمیع انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے اپنے تین میچز میں مجموعی طور14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے محمد سمیع نے ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کو 302 رنز کے بڑے فرق سے فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے دوران ایک مرحلہ ایسا بھی آیا، جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی، محمد سمیع میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کرنے کے بعد سجدے میں جانے ہی والے تھے کہ اچانک رک گئے۔ محمد سمیع کے اس عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی، جس کے بعد مختلف تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بعض صارفین نے خیال ظاہرکیا کہ شاید محمد سمیع نے اس لیے سجدہ نہیں کیا کہ انہیں علم ہے کہ وہ اس وقت انتہا پسندی کے واقعات ملک گزرہا ہے۔ کچھ صارفین نے یہ بھی کہا تھا کہ تھکن کی وجہ سے وہ اس طرح بیٹھے تھے۔ یاد رہے کہ فاسٹ بولر محمد سمیع کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کے بعد ہندوستانی شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شائقین کرکٹ نے محمد سمیع سے متعلق توہین آمیز پیغامات شیئر کرتے ہوئے ان پر غداری کا الزام لگاتے ہوئے ٹیم سے باہرکرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔ جس کے بعد ٹیم کے سابق و موجودہ کھلاڑی محمد سمیع کی حمایت میں سامنے آئے تھے۔محمد سمیع کے اس ویڈیو نے شائقین کی رائے کو منقسم کردیا ہے ۔کچھ شائقین نے سمیع کی اس حرکت پر اپنی ناراضگی کا بھی اظہار کیا ہے۔