سدارامیا کی سی پی آئی اور جنا سمیتی کےقائدین سے ملاقات ۔ ہم خیال جماعتوں سے مفاہمت کا خیرمقدم

   

حیدرآباد ۔ /10نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے کانگریس کے ساتھ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کی مفاہمت پر مسرت کا اظہار کیاہے ۔ بنگلور سے کاماریڈی پہنچنے کے بعد سدارامیا نے سابق وزیر محمد علی شبیر کی قیامگاہ پر لنچ کیا اور سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین سے ملاقات کی۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا، قومی عاملہ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام کا تعارف سدارامیا سے کرایا گیا ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( سی پی آئی )نے تلنگانہ میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ہے اور پارٹی سے انتخابی مفاہمت کی گئی۔ پروفیسر کودنڈا رام کا تعارف کراتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں پروفیسر کودنڈا رام کا غیر معمولی رول رہا ہے۔ سدا رامیا نے تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں لہر کا حوالہ دیا اور کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس پارٹی کی اقتدار پر واپسی یقینی ہے۔ انہوں نے ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی ستائش کی۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے کاماریڈی میں چیف منسٹر کے مقابلہ کے پس پردہ مقاصد سے واقف کرایا اور کہا کہ ہائی کمان نے انہیں کاماریڈی کے بجائے نظام آباد ( اربن ) سے مقابلہ کی ہدایت دی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ کے رائے دہندے ریونت ریڈی کو کامیاب کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔