سدا سیو پیٹ میں زیر آب علاقوں کا جائزہ

   

متاثرین سے جگاریڈی کی بات چیت اور بلدی عہدیداروں کو راحت کاری کی ہدایت

سدا سیو پیٹ۔ سدا سیو پیٹ منڈل میں گذشتہ دودنوں سے ہورہی تیز بارش کے باعث تمام منڈل کے آبپاشی تالابوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے تالاب لبریز ہوچکے ہیں۔ دو دن کی موسلاد ھار بارش کے باعث سارا انتظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ شہر کی تمام سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے اور بارش کی وجہ سے شہر کی تمام بی ٹی سڑکیں بالکل خراب ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے تمام ٹرانسپورٹ کے علاوہ روز مرہ کی زندگی شدید طور پر متاثر ہوگئی ہے اور شہر سدا سیو پیٹ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس میں رحمت نگر ، فیاض نگر، سیداپور کالونی، محمدیہ نگر کے کئی مکانات میں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر مقامی رکن اسمبلی جگاریڈی نے محکمہ بلدیہ کے عہدیداران کے ہمراہ شہر سدا سیو پیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پانی کی وجہ سے زیر آب مکانات کا مشاہدہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا حال جانا۔ انہوں نے بلدی عہدیداران سے کہا کہ فوری طور پر راحت کاری انجام دیں اور مین روڈ تا سیداپور جانے والی سڑک کو استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی چیز سے خوفزدہ نہ ہوں اور کسی بھی مدد کے لئے بلدی عہدیداران سے فون پر بات کرتے ہوئے اطلاع دیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی جگاریڈی کے ہمراہ بلدی عہدیداروں کے علاوہ رکن بلدیہ روی راجو، شیوراج پٹیل، سابق صدر بلدیہ ستیہ نارائن، محمد حاجی، محمد خلیل کے علاوہ دیگر موجود تھے۔