سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والا فوجی جوان پنجاب میں لاپتہ

   

چھٹیوں سے واپسی کے دوران واقعہ، مختلف زاویوں سے پولیس کی جانچ، خصوصی ٹیم روانہ

حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پولیس نے سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ فوجی جوان کی تلاش شروع کردی ہے جو پنجاب کے فرید کوٹ میں ڈیوٹی پر روانگی کے دوران راستہ میں لاپتہ ہوگیا۔ گزشتہ تین دن سے بی سائی کرن ریڈی کی تلاش جاری ہے جو سدی پیٹ کے چیریال منڈل کے پوتی ریڈی پلی گاؤں سے تعلق رکھتا ہے۔ وہ چھٹیوں پر نومبر میں اپنے گاؤں پہنچا تھا اور 6 ڈسمبر کو اسے فرید کوٹ میں اپنے رجمنٹ میں ڈیوٹی جوائن کرنی تھی۔ سائی کرن ریڈی 5 ڈسمبر کو حیدرآباد سے نئی دہلی کی فلائیٹ میں سوار ہوئے اور نئی دہلی پہنچنے کے بعد ٹرین کے ذریعہ فرید کوٹ کیلئے روانہ ہوئے لیکن اپنی منزل تک نہیں پہنچے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں فوجی جوان آخری مرتبہ 6 ڈسمبر کو بھٹنڈہ ریلوے اسٹیشن پر دیکھا گیا۔ سائی کرن ریڈی نے حیدرآباد ایر پورٹ سے دو مرتبہ اپنے افراد خاندان سے ویڈیو کال پر بات چیت کی تھی۔ 6 ڈسمبر کے بعد افراد خاندان نے جب ربط پیدا کرنے کی کوشش کی تو وہ دستیاب نہیں ہوا۔ سائی کرن ریڈی کے یونٹ سے تعلق رکھنے والے کیپٹن نے ان کے والد کو فون پر فرزند کے ڈیوٹی جوائن نہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ سائی کرن کے والد نے پولیس میں فرزند کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی اور کیس کو دہلی آرمی پولیس منتقل کردیا گیا۔ کرن ریڈی کی تلاش کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور سدی پیٹ سے پولیس کی ایک ٹیم پنجاب کیلئے روانہ ہوچکی ہے۔ اسی دوران پولیس کا کہنا ہے کہ سائی کرن ریڈی کا فون کال 6 ڈسمبر کو آخری مرتبہ ہریانہ میں ٹریس کیا گیا جس کے بعد سے کچھ پتہ نہیں چلا۔ بعض گوشوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سائی کرن فوج میں ڈیوٹی انجام دینے میں دلچسپی نہیں رکھتے تھے تاہم ان کے افراد خاندان نے ان شبہات کو مسترد کردیا۔ ڈیوٹی کے راستہ میں جوان کی گمشدگی پر مختلف شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ر