سدی پیٹ۔ 27 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ کے ایس آر کے ٹیکنو اسکول میں آج خواتین کے تحفظ، سائبر جرائم، منشیات کے استعمال، چھیڑ چھاڑ (ایو ٹیجنگ) اور دیگر سماجی مسائل پر شعور بیدار کرنے کے لیے ایک خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ ٹو ٹاؤن انسپکٹر اْپندر اور سدی پیٹ شی ٹیم کے ارکان نے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے ’گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ‘، سوشیل میڈیا کے محفوظ استعمال، نامعلوم کالز سے بچاؤ، اور سائبر سیکیورٹی کے اصولوں سے واقف کروایا۔ انسپکٹر اْپندر نے کہا کہ زیادہ تر سائبر جرائم عوام کی لاپرواہی سے ہوتے ہیں، اس لیے نامعلوم لنکس نہ کھولیں اور مالی لین دین میں احتیاط برتیں۔ کسی بھی سائبر دھوکہ دہی کی صورت میں فوراً 1930 پر کال کرنے کی ہدایت دی گئی۔ شی ٹیم نے POCSO قانون، کم عمری کی شادی، خواتین و بچوں کے حقوق، نابالغ ڈرائیونگ، ڈائل 100 کی افادیت اور خود دفاع جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ ہراسانی کی صورت میں شی ٹیم کے نمبر 8712667434 پر اطلاع دینے کی ترغیب دی گئی، اور بتایا گیا کہ شکایت کنندہ کی شناخت راز میں رکھی جائے گی۔ اس موقع پر اسکول ہیڈ ماسٹر وینکٹیش، اساتذہ، شی ٹیم کے کشور، اے ایس آئی، خواتین کانسٹیبلز ممتا، شریشا، پروین، لکشمی نارائنا اور دیگر موجود تھے۔