امیت شاہ کا بنڈی سنجے کو فون ، کشن ریڈی کی سدی پیٹ آمد ، بی جے پی کی آج الیکشن کمیشن سے شکایت
حیدرآباد : دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں پولیس کی کارروائی کے بعد حلقہ میں کئی ڈرامائی واقعات پیش آئے ہیں ۔ بی جے پی نے کئی مقامات پر احتجاج کیا ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے سے فون پر تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی بھی سدی پیٹ پہنچ گئے ۔ سرچ وارنٹ کے بغیر پولیس کارروائی کو نامناسب قرار دیا ۔ پون کلیان نے بنڈی سنجے کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ بی جے پی نے اس واقعہ کی الیکشن کمیشن سے شکایت کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس اور محکمہ مال کے عہدیداروں نے دوباک اسمبلی حلقہ کے بی جے پی امیدوار رگھونندن راؤ کے گھر اور دفتر کے علاوہ ان کے 8رشتہ داروں اور حامیوں کے گھروں پر اچانک دھاوا کرتے ہوئے بھاری رقم ضبط کی ۔ اس موقع پر پولیس اور بی جے پی کارکنوں میں بحث و تکرار ہوگئی ۔ پولیس نے بنڈی سنجے کو سدی پیٹ پہنچنے پر گرفتار کرلیا اور انہیں کریم نگر میں اُن کے گھر پر چھوڑ دیا گیا جہاں انہوں نے بی جے پی آفس پر احتجاج کا اعلان کیا ۔ یہ سارے واقعات کی اطلاع دہلی تک پہنچ گئی تو امیت شاہ نے فون پر بنڈی سنجے سے تفصیلات حاصل کی ۔ بنڈی سنجے نے کمشنرسدی پیٹ کی جانب سے اُن پر حملہ کا الزام عائد کیا اور معطلی کا مطالبہ کیا ۔ اطلاع ملتے ہی کشن ریڈی بھی وہاںپہنچ گئے اور تلاشی کو قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا ۔ پولیس کو تلاشی کے دوران 18لاکھ روپئے دستیاب ہوئے ۔ پنچ نامے کے بعد پولیس رقم باہر لارہی تھی کہ بی جے پی کے کارکنوں نے 5.87لاکھ روپئے پولیس سے چھین لئے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ۔