سراج کیلئے والدہ اور حیدرآبادیوں کی نیک تمنائیں

   


حیدرآباد۔ حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کل آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹسٹ سے اپنے ٹسٹ کرئیر کا آغاز کررہے ہیں اوران کے ٹسٹ کریئرکے آغاز پر ان کی ماں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیٹے کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا اور کہا کہ محمد سراج کے والد مرحوم کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا تینوں فارمٹس ونڈے ٹوئنٹی20 اور ٹسٹ میں ملک کی نمائندگی کریں ۔آئی پی ایل کے بعد محمد سراج دبئی سے آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوگئے اور اس دوران ان کے علیل والدکا انتقال ہوگیا تھا۔ محمد سراج کی والدہ نے کہا کہ انہیں توقع ہیکہ ان کا لخت جگر ٹیم انڈیا مینجمنٹ کے بھروسہ پر کھرا اترے گا۔ محمد سراج میں چیلنجس قبول کرنے کی مکمل صلاحیتیں موجود ہیں۔ وہ ایک دن ایسا کارنامہ پیش کرے گا جس پر ساری قوم فخر کرے گی۔ علاوہ ازیں حیدرآبادی عوام نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔