سراج کے نام تیسرے ہی ٹسٹ میں 5 وکٹیں

   

حیدرآباد۔ ہندوستان اورآسڑیلیا کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے آج پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔یہ ان کے کرئیر کا تیسرا ہی ٹسٹ ہے جس میں انہوں نے پانچ وکٹیں لینے کاکارنامہ انجام دیا۔اس سے پہلے گابا اسٹیڈیم پر ای اے ایس پرسنا،بشن سنگھ بیدی، مدن لال اور ظہیرخان نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔محمد سراج کو ایک اور فاسٹ بولر محمد سمیع کے زخمی ہونے کے بعد آخری 12کھلاڑیوں میں جگہ دی گئی تھی۔محمد سراج نے سمیع کی کمی پوری کی۔اس میچ میں ہندوستان کے کلیدی فاسٹ بولرجسپریت بُمرا کی عدم موجودگی کے باوجود سراج پر بھاری ذمہ داری تھی اور انہوں نے اس ذمہ داری کو بخوبی ادا کیا۔انہوں نے بُمرا کی کمی محسوس ہونے نہیں دی۔ سراج نے میچ کے چوتھے دن 73رنز دیتے ہوئے پانچ وکٹس حاصل کئے ۔اس طرح محمد سراج بارڈر۔گواسکر سیریز میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بولر بن گئے ہیں۔سراج نے تین میچس میں 13وکٹس لئے جو اشون سے ایک وکٹ زیادہ ہے ۔اشون پیٹھ میں تکلیف کی وجہ سے چوتھے ٹسٹ کیلئے دستیاب نہیں ہوسکے ۔سراج نے برسبین ٹسٹ میں دوسری اننگز میں فاسٹ بولنگ میں بہترین مظاہرہ کیا اور میرنس لبو شین ،میتھو ویڈ ،اسٹیو اسمتھ،میچل اسٹارس اور جوش ہیزل ووڈ کو پولین بھجوایا۔پانچ وکٹ لینے کے بعد جب وہ ڈریسنگ روم کی طرف میدان سے جارہے تھے تو اس وقت ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ان کو اسٹینڈنگ ایویشن دیا۔اس کا ویڈیو بی سی سی آئی نے اپنے ٹوئٹر پر شائع کیا ہے ۔اس13سکنڈ کی مختصر ویڈیو میں یہ بھی دکھایاگیا ہے کہ محمد سراج کو ان کے ساتھ بُمرا اس کارنامہ پرگلے لگارہے ہیں اور ان کے ساتھی اس کارنامہ پر مسرورہوکر تالیاں بجارہے ہیں۔