سربیا اور کوسووو کے مابین گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر نیا تنازعہ

   

ہرزگونیا: کوسووو میں سربیا کی گاڑیوں کے لیے لائسنس کا ایک نیا نظام متعارف کرانے پر دونوں ممالک میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی دور کرانے کی یورپی یونین کی کوشش جمعرات کے روز ناکام ہو گئی۔اس تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے یورپی یونین کی ثالثی میں برسلز میں جمعرات کے روز سربیا اور کوسووو کے رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی لیکن سرب صدر الیکسانڈر وْوچِچ اور کوسووو کے وزیر اعظم البین کرتی کسی معاہدے پر نہیں پہنچ سکے۔ بلقان کے ان دونوں ممالک نے تاہم بات چیت جاری رکھنے سے اتفاق کیا۔یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسیپ بوریل نے بات چیت ناکام ہو جانے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ سرب صدر ووچچ اور کوسووو کے وزیر اعظم البین کرتی “آنے والے دنوں میں” دوبارہ بات چیت کریں گے۔سرب صدر کے ایک معاون نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ ووچچ جمعے کے روز سرب دارالحکومت بلغراد سے کوسووو کے موضوع پر ایک انتہائی اہم خطاب کریں گے۔سرب سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ووچچ نے کوسووو سے سربیائی اقلیتی رہنماؤں کو اتوار کے روز ایک ہنگامی میٹنگ میں شرکت کے لیے بلغراد مدعو کیا ہے۔