سرحدوں پر چینی حرکات و سکنات پر چوکس رہنے کی تاکید

,

   

چینی ملٹری سے بات چیت میں بھی ارادوں کو بھانپنے پر زور ۔ وزیر دفاع راجناتھ کا خطاب

نئی دہلی : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج آرمی کمانڈروں کو متنبہ کیا کہ متنازعہ سرحدات پر چینی حرکات و سکنات پر چوکس رہیں اور ملٹری بات چیت کے دوران بھی اُن کے ارادوں کو بھانپتے رہیں۔ وزیر دفاع نے یہ بات ’آرمی کمانڈرس کانفرنس‘ سے خطاب کے دوران کہی۔ یہ باوقار دو سالہ ایونٹ ہے جو باہم مذاکرات کے ذریعے اہم پالیسی فیصلے وضع کرتا ہے۔ اِس سال کی چار روزہ کانفرنس میں بات چیت اور تبادلہ خیال کا اہم موضوع حقیقی خط قبضہ (ایل اے سی) پر چین کے ساتھ سرحدی کشیدگیاں ہے۔ وزیر دفاع کے خطاب سے واقف ذرائع نے کہا کہ راجناتھ نے نشاندہی کی کہ بات چیت دیانت داری سے ہونا چاہئے اور بھروسے کا ماحول رہے تاکہ کوئی حل تلاش کیا جاسکے۔ راجناتھ نے یہ بھی اشارہ دیا کہ چینی ارادے بے نقاب ہونے کے بعد سے اعتماد میں کمی آئی ہے۔ دریں اثناء راجناتھ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ آج نئی دہلی میں منعقدہ آرمی کمانڈرس کانفرنس سے خطاب کیا ہوں۔ ’’مجھے موجودہ سکیورٹی ماحول میں انڈین آرمی کے اقدامات پر فخر ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت دفاع آرمی کو اصلاحات کی راہ پر آگے بڑھنے میں سہولت فراہم کرنے کی پابند عہد ہے۔ نیز تمام پہلوؤں سے آرمی کو بہتر بنایا جائے گا۔ فورس کو بااختیار بنانے کے تعلق سے راجناتھ نے ٹوئٹ کیا کہ حکومت اس معاملے میں کوئی کسر نہ چھوڑے گی اور مسلح افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے گی۔