سرحدی علاقوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئےوہاں ترقیاتی کام ضروری ، وزیر دفاع کا تاثر

   

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان کو اپنی منفرد جیو اسٹریٹجک صورتحال کی وجہ سے مختلف قسم کے چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن ان سے نمٹنے کا بہترین طریقہ سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانا ہے ۔ چہارشنبہ کو یہاں بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شری راجناتھ نے سرحدی دیہات کی مجموعی ترقی کیلئے حکومت کی مکمل وابستگی کا اظہار کیا اور انہیں ملک کا پہلا گاؤں بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا جغرافیائی اور جنگی نقطہ نظر سے کلیدی محل وقوع ایسا ہے کہ اسے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور ان سے نمٹنے کا بہترین طریقہ سرحدی علاقے کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ پچھلے 10 برسوں میں سرحدی علاقے کی ترقی میں پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن ( بی آر او ) نے 8,500 کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں اور 400سے زیادہ مستقل پل بنائے ہیں۔ اٹل ٹنل، سیلا ٹنل اور شکون لا ٹنل دنیا کی بلند ترین سرنگ ہونے جا رہی ہے ، اور یہ سرحدی علاقے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔ حکومت نے لداخ کے سرحدی علاقوں کو نیشنل الیکٹرسٹی گرڈ سے جوڑنے کے لیے 220 کلو وولٹ سری نگر۔لیہہ پاور لائن شروع کی ہے ۔