موسم سرما کو شادیوں کا سیزن (فیسٹو سیزن) بھی کہا جاتا ہے لیکن سردیاں شروع ہوتے ہی بالوں کے مسائل میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ گھنے سے گھنے بال بھی گرنے، کمزور پڑجانے اور خشکی جیسے مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اسی لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ سرد موسم شروع ہوتے ہی نہ صرف آپ اپنی جِلد کی حفاظت کی روٹین میں تبدیلی لانے پر توجہ دیں بلکہ بالوں کی حفاظت کے انداز بھی بدل ڈالیں تاکہ شادی کے سیزن میںآپ کے خوبصورت بالوں کی چمک اور دلکشی ماند نہ پڑے۔ یہ تبدیلی کیسی ہونی چاہیے اس بارے میں بات کرتے ہیں۔
تیل سے دوری بالوں سے دشمنی : اگر آپ سرد موسم میں بالوں کی نگہداشت کیلئے تیل استعمال نہیں کرتیں تو جان لیجیے کہ آپ اپنے بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہیں۔ تیل ہر موسم میںبالوں کو غذائیت فراہم کرتاہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیتون، کھوپرے، بادام یا کسی بھی تیل کا استعمال باقاعدگی سے کریں کیونکہ باقاعدگی سے تیل لگانا بالوں کے مختلف مسائل کا حل ثابت ہوتا ہے۔ ہفتے میں کم ازکم دوبار بالوں میں تیل ضرور لگائیں۔ سرد موسم میں بالوں کی چمک اور حفاظت کیلئے سرسوں یا زیتون کا تیل دو چمچ ہلکا گرم کرکے آہستہ آہستہ سر کا مساج کریں۔ سر میں نیم گرم تیل کا مساج کریں کیونکہ جِلد میں موجود سیبم بالوں میں نمی کو برقرار کھتا ہے۔
کیا بالوں میں خشکی بڑھ جاتی ہے؟ : سردیوں میں بالوں کی خشکی کا بڑھ جانا بھی ایک عام مسئلہ ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے جہاں بالوں میں تیل لگانا اہم ہے، وہیں مساج کرنا بھی سر کی خشکی سے نجات کیلئے ایک بہترین حل ہے۔ مساج کیلئے مختلف طریقے اختیار کیے جاسکتے ہیں: ٭ ایلوویرا کے بے شمار فوائد سے سب ہی آگاہ ہیں لیکن کیا آپ جانتی ہیں کہ خشکی دور کرنے کیلئے بھی ایلوویرا جیل کی مالش کی جاتی ہے؟ شیمپو کرنے سے پہلے ایلو ویرا کے تیل یا جیل کی مالش کریں۔ ایلو ویرا میں ٹھنڈک کا عنصر خارش سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ ٭اپنی غذا میں سیب کے سرکے کا استعمال کریں۔ سیب کا سرکہ جہاںکئی فوائد کا حامل ہے، وہیں اس سرکے میں موجود پی ایچ خشکی کیلئے بہت مفید ہے، جو اسے پیدا ہونے سے بالکل روک دیتی ہے۔ ٭ ناریل کا تیل خشکی ہی نہیں بلکہ بالوں کیلئے بھی بے حد مفید ہے۔ غسل سے قبل تین سے پانچ چائے کے چمچ ناریل کے تیل سے اپنے سر کی مالش کریں اور کم ازکم ایک سے دو گھنٹے تک اسے لگا رہنے دیں، پھر سر دھولیں۔
بالوں کو کتنی بار دھونا ہے؟ : سردیا ں شروع ہونے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ بالوں کو ہفتے میں صرف ایک بار دھوئیں۔ آپ کا بال کم دھونا بھی بال گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق تین دن میں ایک بار بال دھونا بالوں کی اچھی صحت کیلئے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
بال لمبے کیسے کئے جائیں؟ : سردیوں میں عام طور پر نئے بالوں کی افزائش کم ہوجاتی ہے، تاہم اگر آپ گرتے بالوں کو روکنا یا کمزور بالوں کو گھنا کرنا چاہتی ہیں تو پیاز یا آلو کا عرق استعمال کریں۔ پیاز میں بڑی مقدار میں موجود سلفر، کولیجن کی پیداوار میں براہ راست اضافے کا باعث ہوتا ہے۔ اس مقصد کیلئے دو سے تین لال پیازوں کا عرق استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ آلو وٹامن اے ، بی اور کے کا حامل ہونے کے سبب بالوں کو گھنا کرنے کیلئے بہترین تسلیم کیا جاتا ہے۔
کنگھا تبدیل کریں : اگر آپ بال ٹوٹنے اور گرنے کے مسائل سے نجات چاہتی ہیںتو بہتر یہی ہے کہ بالوں کو بڑے دندانوں والے کنگھے سے سنواریں اور بہتر یہی ہے کہ کنگھا لکڑی کا ہو۔ برش یا چھوٹے دندانوں والے کنگھے سے بالوں کے ٹوٹنے کا امکان بڑھ جاتاہے۔ اُلجھے بکھرے بالوں میں کنگھا کرتے وقت ہیئر اسپرے کا استعمال ضروری ہے۔ یہ اسپرے آپ کے بالوں کو ٹوٹنے سے بچائے گا، وہیں بالوں کو سلجھانے میں بھی آسانی ہوگی۔
بالوں کی کاٹ چھانٹ : بالوں کی افزائش کیلئے ضروری ہے کہ غیر ضروری بالوں کی کاٹ چھانٹ باقاعدگی سے کی جائے۔ اگر آپ کے دو منہ کے بال ہیںتو بالوں کے مسائل سے بچنے کیلئے ان کی ٹریمنگ کرنا اشدضروری ہے۔ جب بھی آپ دو منہ کے بال دیکھیں تو قینچی لیں اور ان کو2انچ کاٹ دیں، یہ آپ کے بالوں کو صحت مند رکھنے کیلئے صحت مند سرگرمی ہے۔