عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ صرف گرمی کا موسم ہی آپ کی جلد کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے‘ایسی بات نہیں ہے!سردی کے موسم میں بھی آپ کو اپنی جلد کی بہت زیادہ حفاظت کرنی پڑتی ہے۔ہم میں سے اکثر کو جلد پر اس موسم کی تباہ کاریوں کا علم تو ہوتا ہے لیکن دوسری طرف ہم اپنے چہرے‘ٹانگوں اور ہاتھوں کی حفاظت سے غافل ہو جاتے ہیں۔ سرد موسم آپ کی جلد کے ساتھ ساتھ آپ کے ناخنوں اور آپ کے بالوں پر بھی اپنے منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔لہٰذا اب وہ وقت آگیا ہے کہ آپ بہت پہلے سے سردی کے بے رحم موسم کے اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے خود کو ذہنی طور پر تیار کر لیں۔اس موسم میں جلد خشک اور خارش زدہ ہو جاتی ہے۔خشک جلد بہت جلد سورج کی تمازت کا اثر قبول کرتی ہے اور سیاہ ہو جاتی ہے‘اس لئے اس موسم میں آپ کو اپنی جلد کی حفاظت کچھ زیادہ کرنی پڑتی ہے۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ آپ کو اس احتیاط کیلئے بہت زیادہ بندوبست کرنا پڑے‘بلکہ روٹین میں تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ آپ با آسانی اس موسم میں اپنی جلد کی حفاظت کر سکتی ہیں۔
سردیوں میں جلد کی حفاظت : اپنا کلینزر تبدیل کر لیں۔اس موسم میں جلد کا خشک ہونا ایک اور مسئلہ ہے جس کی طرف آپ کو دھیان دینا ہے اور اس سلسلے میں آپ کو اپنے صابن اور ڈٹرجنٹ پر توجہ دینی ہے۔ یعنی یہ دیکھنا ہے کہ آپ کس قسم کی مصنوعات استعمال کر رہی ہیں۔وہ کلینزر جن میں Salicylic Acid اور Benzoyl Peroxide شامل ہوں۔جلد کو خشک کر دیتا ہے۔خاص طور پر اس وقت جب آپ اس قسم کا کلینزر مہاسوں اور داغ دھبوں کیلئے کسی دوسری کریم یا لوشن کے ساتھ استعمال کر رہی ہوں۔ان کی جگہ آپ کوئی نرم سا فیس واش موئسچرائزر کے ساتھ استعمال کریں یا ایسا فیس واش تلاش کریں جس میں Aloe Vera شامل ہو۔ ٹونر بھی بہت ہلکا ہونا چاہئے۔گہرے قسم کا ٹونر جلد کو اور زیادہ خشک کر دیتا ہے۔اس موسم میں آپ کو نہانے کا دورانیہ بھی کم کرنا پڑے گا،یعنی 24 گھنٹوں میں 1 بار اور وہ بھی صرف دس منٹ کیلئے‘اس سے زیادہ نہیں۔بالغوں کیلئے باتھ سے زیادہ شاور زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔سردیوں میں گرم پانی میں زیادہ دیر تک نہاتے رہنا ممکن ہے کہ جسم کو آرام اور سکون پہنچاتا ہو‘لیکن اس کے ساتھ ہی یہ جلد کی فطری رطوبت کو برباد کرکے جلد کو خشک بھی کر دیتا ہے۔ آپ چاہے باتھ لے رہی ہوں یا شاور۔پانی کو گرم نہیں‘بلکہ نیم گرم ہونا چاہئے۔صابن کا استعمال کم سے کم ہونا چاہئے ۔
Moisturise : موئسچرائزنگ اس موسم کیلئے وہ واحد طریقہ کار ہے جس کے ذریعے آپ جلد کو خشک ہونے سے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔گرم پانی سے نہانے اور موئسچرائزر استعمال کرنے کے بعد آپ اس سرد موسم کی بے رحمی سے بہت حد تک سارے دن کیلئے محفوظ رہ سکتی ہیں۔ بہترین قسم کے موئسچرائزر وہ ہوتے ہیں جن میں روغن کی آمیزش ہوتی ہے۔کیونکہ اس موسم میں آپ کی جلد روغن کی پروڈکشن بہت کم کر دیتی ہے اور اس کمی کو موئسچرائزر پوری کر دیتا ہے جلد میں جذب ہونے اور جلد کو خشکی سے محفوظ رکھنے کیلئے لینولین (Lanolin)‘وٹامن E والے اور Avocado Oil والے موئسچرائزر بہترین ہوتے ہیں۔جلد کو نرم رکھنے اور لکیروں اور جھریوں سے بچانے کیلئے دودھ کا پروٹین کمال کی خاصیت رکھتا ہے۔ اس موسم کیلئے شہد بہترین اور قدرتی موئسچرائزر ہے اور سردی سے چٹخی ہوئی جلد کیلئے اس کا استعمال انتہائی سود مند ہے اور خاص طور پر جلد پر لکیریں اور نشانات وغیرہ اس موسم میں نمایاں ہونے لگیں تو اس وقت شہد کا استعمال بہترین ہوتا ہے۔ خوبصورت اور صاف جلد کیلئے موئسچرائزر کو دن میں 3 بار استعمال کیا کریں۔ موئسچرائزر کے استعمال کا سب سے بہتر وقت ہے نہانے کے بعد۔ اس طرح جسم سے نکلنے والا روغن ضائع نہیں ہو پاتا‘وہ جلد ہی میں رہتا ہے‘جس کی وجہ سے جلد خشک نہیں ہو پاتی اور نرم اور چکنی رہتی ہے۔یاد رکھیں کہ موئسچرائزر کا استعمال ایسی جگہوں پر ضرور ہو‘جہاں آئل کے گلینڈز موجود نہیں ہیں۔ جیسے ٹخنوں‘گھٹنوں‘کہنیوں اور ایڑھیوں وغیرہ پر۔اگر تلوے اور ایڑھیاں پھٹی ہوئی ہیں تو باڈی لوشن سے مالش کریں اور رات کو سونے سے پہلے ایڑھیوں پر ڈھیر سارا باڈی لوشن مل کر موزے پہن کر بستر پر جائیں۔ صبح کو آپ کی ایڑھیاں خوبصورت اور نرم دکھائی دیں گی۔
( باقی سلسلہ آئندہ )
