سرفرازخان کا راجکوٹ میں کرئیر شروع ہونے کا قوی امکان

   

راجکوٹ ۔ وکٹ کیپر دھرو جریل اور مڈل آرڈر بیٹر سرفراز خان کے راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کا امکان ہے۔ دھرو جریل کو تیسرے ٹسٹ سے قبل پہلے پریکٹس سیشن میں سرفراز خان کے ساتھ پہلی سلپ میں وکٹ کیپنگ کی مشقیں کرتے ہوئے دیکھاگیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کے ایس بھرت، جو ناقص فارم سے گزر رہے ہیں، دھرو جورل کے لیے راستہ بناتے ہوئے باہر ہو سکتے ہیں۔ بھرت نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹسٹ کھیلے تھے اورکچھ سابق کرکٹرز نے سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ان سے آگے دیکھیں۔ پہلے دو میچوں میں بھرت نے سب سے زیادہ 41 رنزکے ساتھ 102 رنز بنائے ہیں۔ سرفراز خان جنہیں پہلے ٹسٹ میں کے ایل راہول اور رویندرا جڈیجہ کے زخمی ہونے کے بعد ہندوستانی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا وہ کھیل کے طویل فارمیٹ میں ڈیبیو کرتے ہوئے نظر آسکتے ہیں۔ سرفراز نے پہلے پریکٹس سیشن میں زیادہ تر وقت نیٹ میں بیٹنگ میں گزارا۔ وہ سلپ فیلڈنگ کی پریکٹس بھی کر رہے تھے، پہلی سلپ پر تعینات تھے۔ کمرکی سختی کی وجہ سے شریاس ایرکے دستبردار ہونے سے سرفراز خان کے لیے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے کا دروازہ کھل گیا ہے۔ کوہلی کی غیر موجودگی ہندوستان کو ان کی بیٹنگ کی صلاحیت سے محروم کر دیتی ہے، جس سے کپتان روہت شرما کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے اور ان حالات میں انتظامیہ کو سرفراز سے امیدیںہیں۔