سرفرازنے جلوہ دکھایا، آج شکست کو ٹالنے بولرز کا کرشمہ درکار

   

بنگلورو: کرکٹ کی دنیا کا وہ نام ’سرفراز خان‘جس نے کامیابی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے کا طویل انتظار کیا، آج ان کا خواب بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں پورا ہوا۔ چناسوامی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے ساتھ جاری پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن سرفراز خان نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ اپنے گزشتہ روز کے اسکور 70رنز سے آگے کھیلتے ہوئے سرفراز نے اپنی سنچری مکمل کی۔ سرفراز خان نے مجموعی طور پر195 گیندوں پر شاندار 150 رنز بنائے ۔ سرفراز نے ایسے وقت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب کپتان روہت شرما اور اسٹار بیاٹر ویراٹ کوہلی پر مشتمل ٹیم انڈیا وطن میں اننگز کی شکست کے دہانے پر تھی ، تب سرفراز نے اپنے کیرئیر کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر سب کا دل جیت لیا۔ ایسے وقت جب ٹیم انڈیا مشکلات کے بھنور میں پھنس گئی، سرفراز نے چوتھی وکٹ کیلئے وکٹ کیپر ؍ بیاٹر رشبھ پنت (99) کے ساتھ 177 رنز کی رفاقت کے دوران اپنی شاندار سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیم میں اپنی جگہ کو درست ثابت کیا اور ڈریسنگ روم کے ساتھ ساتھ پورا ملک ان کی شاندارکارکردگی کا جشن منانے لگا ۔ سرفراز نے جب اپنے بیاٹ کو گھمایا اور اپنا ہیلمٹ ہٹا یا، اپنی پہلی ٹسٹ سنچری کے بعد میدان میں خوشی کی جذباتی لہر دوڑ گئی۔ بنگلورو کے شائقین کھڑے ہو گئے ، ساتھیوں نے پویلین سے خوشی کا اظہار کیا۔ سارے معاملے کے دوران حقیقت یہ ہے کہ مہمان راڈ لاتھم زیرقیادت نیوزی لینڈ نے پہلے ٹسٹ پر گرفت مضبوط کرلی ہے ۔ میزبان بولروں کا کرشمہ یا موسم کی مہربانی بھارتی ٹیم کی شکست ٹالسکتی ہے۔ ٹاس جیت کر 46 پر ڈھیر ہونا بھاری پڑرہا ہے۔ سرفراز کی یادگار بیاٹنگ کے علاوہ روہت (52)، ویراٹ (70) اور رشبھ کی ففٹیوں کے باوجود انڈیا نے کیویز کو چوتھی اننگز میں 107 کا ٹارگٹ مقرر کیا اور اتوار کو کھیل کو پورا دن باقی ہے۔