سرقہ میں ملوث دو رکنی عادی سارقین کی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /20 مارچ (سیاست نیوز) ایسٹ زون پولیس نے حیدرآباد و سائبر آباد میں سلسلے وار سرقہ کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی عادی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپئے مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ایم رمیش کے مطابق 39 سالہ ویرا بابو اور اس کا ساتھی 42 سالہ ایم راما کرشنا جن کا تعلق مشرقی گوداوری آندھراپردیش سے ہے علاقہ چادر گھاٹ اور چندا نگر پولیس اسٹیشن حدود میں سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ویرا بابو اور راما کرشنا مقفل مکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں رات کے اوقات نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ ڈی سی پی رمیش نے کہا کہ ویرا بابو کو سابق میں مادھاپور پولیس نے گرفتار کیا تھا اور بعد ازاں رائے درگم ، جوبلی ہلز اور کووور پولیس نے بھی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار سارقین کے قبضے سے ساڑھے چار لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد کرلیا گیا ہے اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ۔