کمسن بیٹے کے سامنے بدسلوکی، خاتون کی شکایت پر انسپکٹر پولیس کا تبادلہ
حیدرآباد : /4 اگست (سیاست نیوز) سرقہ کے الزام میں حراست میں لی گئی خاتون کو تھرڈ ڈگری کی اذیت دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق 25 سالہ سنیتا ساکن امبیڈکر نگر کالونی شاد نگر کو /24 جولائی کو سرقہ کے کیس میں تفتیش کیلئے پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا اور اسے مبینہ طور پر اذیتیں دی جارہی تھیں ۔ مقامی شخص ناگیندر نے اس کے مکان میں 24 تولے طلائی زیورات اور دو لاکھ نقد رقم کے سرقہ کی شکایت شاد نگر پولیس میں درج کروائی تھی جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں شبہ کی بنیاد پر سنیتا کو پولیس نے حراست میں لے لیا ۔ شاد نگر پولیس کے کرائم اسٹاف نے خاتون پر مبینہ طور پر تھرڈ ڈگری کا استعمال کرتے ہوئے اسے شدید زدوکوب کیا اور اس کے 13 سالہ کمسن بیٹے کے سامنے بھی اس کے ساتھ بدسلوکی کی گئی ۔ حالانکہ پولیس نے مسروقہ مال کا کچھ حصہ خاتون کے قبضہ سے برآمد کیا لیکن اسے گرفتار کرنے سے قاصر رہے ۔ پولیس اسٹیشن سے رہا ہونے کے بعد خاتون نے شادنگر پولیس اسٹیشن کے ڈیٹکٹیو انسپکٹر رام ریڈی کے خلاف شکایت درج کروائی جس پر پولیس کمشنر سائبر آباد اویناش موہنتی نے اس انسپکٹر کو پولیس کمشنر آفس اٹائچ کرنے کے احکام جاری کئے اور شاد نگر اے سی پی کو اس معاملہ کی تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔