سرنگ کے بچاؤ کاموں میں تیزی پیدا کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

   

سینئر آئی اے ایس عہدیدار کو نگرانکار مقرر کیا جائے، مرکز سے تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سری سیلم لفٹ بینک کنال کی سرنگ میں جاری بچاؤ کاموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ سرنگ کی چھت منہدم ہونے سے 8 مزدوروں کی موت واقع ہوئی ہے جن میں سے ایک کی نعش دستیاب ہوئی۔ ایک ماہ کی طویل جدوجہد کے بعد بھی مزید 7 نعشوں کا پتہ چلانے میں بچاؤ ٹیموں کو کامیابی نہیں ملی۔ اِسی پس منظر میں چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بچاؤ کاموں کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرنگ میں بچاؤ کام جاری رکھے جائیں۔ اُنھوں نے چیف سکریٹری شانتی کماری سے کہاکہ سینئر آئی اے ایس عہدیدار شیوا شنکر کو بچاؤ کاموں کی نگرانی کے لئے مقرر کیا جائے اور اِس سلسلہ میں فوری طور پر احکامات جاری کئے جائیں۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بچاؤ کاموں کی پیشرفت سے واقف کرایا۔ بچاؤ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے مرکزی حکومت سے درکار مدد حاصل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملبہ کی صفائی کا کام جلد مکمل کرنے کے لئے ماہرین سے مشاورت کی جائے۔ اجلاس میں وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر مال پی سرینواس ریڈی، وزیر اکسائز جوپلی کرشنا راؤ، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1