سرکاری اراضی پر پتھر کی ایستادگی اور پوجا

   

دھارور موضع میں ماحول کشیدہ ہونے سے قبل پولیس کی احتیاطی تدابیر

حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کے دھارور منڈل مستقر پر بعض شرپسند عناصر کی جانب سے راتوں رات ایک سرکاری اراضی پر جھونپڑی ڈال کر پتھر ایستادہ کرکے ’ کم کم ‘ ڈال کر پوجا کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس اور محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے بتایا کہ دھارور منڈل مستقر پر واقع اردو میڈیم اسکول سے متصل سرکاری اراضی پر گزشتہ شب نامعلوم شرپسند عناصر نے ایک جھونپڑی ڈال کر پرچم لگادیا اور اراضی پر ایک پتھر ایستادہ کرکے کم کم لگاکر مندر کی شکل دے کر پوجا پاٹ کرکے روانہ ہوگئے اور صبح کی اولین ساعتوں میں مقامی افراد اس منظر کو دیکھ کر حیرت زدہ ہوگئے اور مقام واقعہ پر سنسنی پھیل گئی۔ بعد ازاں اردو میڈیم اسکول اسٹاف نے اسکول سے متصل اراضی پر پیش آئے واقعہ کی پولیس کو اطلاع دینے کے ساتھ محکمہ ریونیو کے عہدیداروں سے بھی شکایت کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی سرکل انسپکٹر پولیس دھرور مسٹر راج شیکھر نے پولیس جمعیت کے ساتھ مقام واقعہ پر پہنچ کر صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسی دوران محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے بھی مقام واقعہ پر پہنچ کر واقعہ کا جائزہ لیا۔ بالخصوص پولیس اور محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے سرپنچ چندرا مولی سے پیش آئے واقعہ کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ بعد ازاں ولیج ریونیو آفیسر گوپال نے پولیس اور ریونیو عہدیداروں کی موجودگی میں مقام واقعہ کا پنچنامہ کرکے پولیس کو تفصیلات سے واقف کروایا۔ پولیس نے اس واقعہ کو بعض شرپسند عناصر کی کارستانی ہونے کا اظہار کرتے ہوئے ڈالی گئی جھونپڑی اور ایستادہ کردہ پتھر وغیرہ کو نکال دیا اور صورتحال کے کشیدہ ہونے سے قبل ضروری احتیاطی اقدامات کئے گئے۔ مقامی عوام نے پولیس اور محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے عاجلانہ اقدامات کی ستائش کی۔