سرکاری اراضی کی نشاندہی اور حد بندی کی ہدایت

   

منچریال میں محکمہ ریونیو اور محکمہ جنگلات کے اجلاس سے کلکٹر بھارتی ہولیکری کا خطاب

منچریال۔/4 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع منچریال میں محکمہ ریونیو اور محکمہ جنگلات سے متعلقہ تمام سرکاری اراضی کی مشترکہ نشاندہی کرتے ہوئے حد بندی کی جائے یہ بات ضلع کلکٹر منچریال مسز بھارتی ہولیکری نے جوائنٹ کلکٹر مسٹر وائی سریندر راؤ، ٹرینی کلکٹر مسٹر کمار دیپک اور سی ای او ضلع پریشد کے ساتھ ملکر کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلع عہدہ داروں، منڈل تحصیلداروں ، منڈل ڈیولپمنٹ عہدیداروں اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے دیہی ترقیاتی پروگرام کے حصہ کے ضمن میں منصوبہ بند طریقہ سے ہرایک گاؤں میں ڈمپنگ یارڈ اور شمشان گھاٹ کے قیام کیلئے محکمہ جات ریونیو و جنگلات مشترکہ طور پر اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے حدود کا تعین کریں اور اسے گرام پنچایت کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صاف صفائی، سرسبز و شاداب ماحول کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کام کریں ونیز نرسری کے انتظامات، سڑکوں کی مرمت و نگہداشت اور شجرکاری کئے گئے پودوں کی نگہداشت کو بہتر طریقہ سے نگرانی رکھیں اور یہ تمام امور مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں۔ ریونیو سے متعلقہ نالہ اراضات، سادہ بیع نامہ کو باقاعدہ بنایا جائے۔ می سیوا کی کارکردگی، فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور عوامی ہفتہ واری ایک روزہ شکایتی اجلاس میں موصولہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے۔