حیدرآباد۔ 10اپریل (یو این آئی ) وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ سرکاری اسکولس میں تمام طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کھمم کے روتری نگر کے سرکاری اسکول میں ہماراگاوں۔ہمارااسکول پروگرام کا آغاز کیا۔اس موقع پر خطاب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولس میں خانگی اسکولس کی طرح سہولیات فراہم کرنے اقدامات اندرون دو ماہ مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسکولس میں بہترین بنچس ، ڈائننگ ہالس،ڈیجیٹل کلاس رومس، کمپیوٹرس، پروجیکٹر،کتب خانے ، کتابیں بھی فراہم کی جائیں گی۔جہاں کہیں کمپونڈ والس کی ضرورت ہوگی، وہ بھی بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ غریب بچوں کی بہترتعلیم کے لئے ریاستی حکومت اسکولس کی نئی صورت گری کرے گی۔