سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں میں مسابقت کا مشورہ

   

معیار تعلیم میں بہتری کے اقدامات، ایجوکیشن ایکسپو سے ونود کمارکا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ کمیشن کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کہا کہ سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کے درمیان مسابقت کا جذبہ ضروری ہے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے ادارے کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت کا جذبہ معیار تعلیم میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے ۔ ونود کمار حیدرآباد میں ایجوکیشن ایکسپو سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں مسابقت کے جذبہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 50 تا 60 کروڑ بچوں کو اسکول سے جوڑنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ حکومت کے اقدامات سے تعلیمی اداروں میں داخلوں کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔ ونود کمار نے کہا کہ انگریزی تعلیم کا حصول اگرچہ ضروری ہے لیکن مادری زبان کو نظر انداز کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ صرف روزگار کے مقصد سے خدمات انجام نہ دیں بلکہ طلبہ کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے جذبہ سے کام کریں جس میں سماج کی بھلائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں ماہرین تعلیم کے ذریعہ وسیع مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے ہر سال ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی ۔ لوک ستہ کے قومی صدر جئے پرکاش نارائن وائی شیکھر راؤ ، پرساد راؤ ، مدھو سدن اور دوسروں کے علاوہ انجم بابو خاں نے شرکت کی ۔