سرکاری بلز کی واپسی میرا مقصد نہیں، گورنر سوندرا راجن کی وضاحت

   

3 بلز کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب، سیلاب سے متاثرہ علاقوںکا عنقریب دورہ کرنے کا اعلان، راحت اقدامات پر حکومت سے رپورٹ طلب
حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے حکومت کو واپس کردہ سرکاری بلز کی اسمبلی میں دوبارہ منظوری سے متعلق حکومت کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ میں کسی کے خلاف نہیں ہوں۔ سرکاری بلز واپس کرتے ہوئے میں نے وجوہات بھی بیان کئے تھے صرف بلز کو واپس کرنا میرا مقصد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جان بوجھ کر مجھے بدنام کررہی ہے اور مجھے ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔ میں کوئی سیاسی اداکاری نہیں کررہی ہوں، بلز کی واپسی کیلئے میں نے جو وجوہات بیان کی تھی اس پر حکومت کا کیا ردعمل ہوگا دیکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ سرکاری ببلز کی عدم منظوری کے مسئلہ پر راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان گذشتہ دیڑھ برس سے صورتحال کشیدہ تھی۔ بلز کی منظوری کیلئے حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کے بعد گورنر نے 10 زیر التواء بلز میں سے 3 کو منظوری دی، 2 بلز صدر جمہوریہ کی منظوری کیلئے روانہ کئے گئے مزید 2 بلز پر ریاستی حکومت سے وضاحت طلب کی گئی اور باقی 3 بلز کو گورنر نے مسترد کردیا۔ کابینہ کے اجلاس میں بھی حکومت نے گورنر کے رویہ پر نکتہ چینی کی ہے۔ اسی دوران گورنر نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عنقریب دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں عوام کو بھاری نقصانات سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔ سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کو دیکھتے ہوئے انہیں تکلیف ہورہی ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ عوام کے تحفظ کیلئے مزید سنجیدگی سے اقدامات کرے۔ گورنر نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو بھی متاثرین کے درمیان ہونا چاہیئے خاص طور پر دور دراز کے عوام سیلاب سے کافی پریشان ہیں۔ بارش کے نقصانات کے بارے میں بعض سیاسی پارٹیاں مجھے یادداشت پیش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جل پلی علاقہ کے عوام بارش سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد کی مدد کرنے ریاستی حکومت کو ہدایت دی۔ گورنر نے سیلاب کی صورتحال اور راحت کاموں کے سلسلہ میں حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔ رپورٹ ملتے ہی اسے مرکزی حکومت کو روانہ کیا جائے گا۔ گورنر نے کہا کہ وہ عنقریب سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔