فلم سٹی میں قومی کانفرنس، شفافیت سے کام کرنے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا مشورہ
حیدرآباد 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ملک میں سرکاری جائیدادوں پر تقررات میں پبلک سرویس کمیشنوں کے رول کی ستائش کی اور کہا کہ ملک بھر میں کمیشن بہتر طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے راموجی فلم سٹی میں ملک کے تمام پبلک سرویس کمیشنوں کے قومی اجلاس سے خطاب کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اجلاس میں شرکت پر انہیں خوشی ہے۔ 1950 کے بعد یونین پبلک سرویس کمیشن اور ریاستوں میں پبلک سرویس کمیشنوں کا قیام کا آغاز ہوا۔ ڈاکٹر بی آر ایس امبیڈکر نے اس سلسلہ میں اہم رول ادا کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقررات کا عمل مکمل طور پر شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جانا چاہئے اور کسی کو شبہ کی گنجائش نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے میں پبلک سرویس کمیشن اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ موجودہ چیلنجس کا سامنا کرتے ہوئے کمیشنوں کو خدمات انجام دینا چاہئے ۔ ریاستی گورنر جشنو دیو ورما اور وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا اس موقع پر موجود تھیں۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر اجئے کمار ، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین بی وینکٹیشم کے علاوہ مختلف ریاستوں کے صدورنشین نے کانفرنس کے مختلف سیشن میں حصہ لیا۔ ملک میں پبلک سرویس کمیشنوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کانفرنس میں غور کیا گیا ۔ صدر جمہوریہ نے راموجی فلم سٹی کے مختلف گوشوں کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ صدر جمہوریہ جنوبی ہند میں سرمائی قیام کے تحت حیدرآباد کے دورہ پر ہیں۔ آج صبح راشٹرپتی نیلائم سے خصوصی ہیلی کاپٹر میں راموجی فلم سٹی پہنچیں۔ ان کے ہمراہ گورنر جشنو دیو ورما اور ر یاستی وزیر سیتکا موجود تھیں۔1
