سرکاری دواخانوں میں غریبوں کو مفت علاج کی سہولت کے اقدامات

   

سنگاریڈی میں 500 بستروں کے ہاسپٹل کا جلد سنگ بنیاد، وزیر صحت نے گورنمنٹ ہاسپٹل کا دورہ کیا
حیدرآباد۔/8 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے سنگاریڈی ضلع ہیڈ کوارٹر پر عنقریب 500 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کے سنگ بنیاد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے جس کے تحت ڈاکٹرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو بھرتی کیا جارہا ہے۔ دامودھر راج نرسمہا نے آج سنگاریڈی گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کا اچانک معائنہ کیا اور آؤٹ پیشنٹ بلاک میں مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہاسپٹل کے احاطہ اور اس کے اطراف میں صحت و صفائی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی اور ڈائیلاسیس سنٹر کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں بتایا کہ عنقریب 500 بستروں کے ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کے سلسلہ میں ڈاکٹرس پر اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے اسی لئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس اپنی من مانی نہیں کرپائیں گے۔ حکومت میڈیکل ایکٹ کے تحت خانگی ہاسپٹل کی نگرانی کرے گی۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹل میں تمام درکار طبی آلات کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ڈائیلاسیس کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ہاسپٹل کے احاطہ میں زیر تکمیل تعمیری کاموں کی جلد انجام دہی کا تیقن دیا۔ وزیر صحت نے ڈاکٹرس اور طبی عملے کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ وقت پر حاضر ہوتے ہوئے مریضوں کی بہتر انداز میں خدمت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کرانتی ویلورو ٹرینی کلکٹر منوج، تلنگانہ انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کی صدرنشین شریمتی نرملا جگا ریڈی، میونسپل چیرمین وجے لکشمی، آر ڈی او وسنت کمار، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر این وانی کے علاوہ سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی موجود تھے۔1