سرکاری دواخانوں میں وائرس سے نمٹنے کے لیے درکار ادویات اور آلات فراہم کئے جائیں

   

Ferty9 Clinic

خازن پردیش کانگریس نارائن ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے درکار طبی سہولتوں، ادویات اور آلات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اضلاع میں مختلف مقامات سے شکایات ملی ہیں کہ سرکاری دواخانوں میں نہ صرف طبی عملہ بلکہ ادویات اور سہولتوں کی کمی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کو اس سلسلہ میں سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں کیوں کہ معمولی کوتاہی بھی عوام کے لیے تباہ کن ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون جیسے اقدامات وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے لیکن حکومت کو اس طرح کے اور بھی قدم اٹھانے چاہئیں تاکہ عوامی زندگی کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کے ٹسٹ کے لیے اپنے تحقیقاتی اداروں سی سی ایم بی اور سی ڈی ایف ڈی کے استعمال کی تلنگانہ کو اجازت دی لیکن دونوں اداروں کو ابھی تک ٹسٹنگ کٹس سربراہ نہیں کئے گئے۔ کے سی آر کو چاہئے کہ وہ دونوں مرکزی اداروں کو درکار ضروری آلات فراہم کریں۔ سی سی ایم بی روزانہ ایک ہزار ٹسٹ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دونوں مرکزی اداروں کے استعمال کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ نارائن ریڈی نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ موجودہ صورتحال میں لازمی طور پر ضروری ادویات اور طبی آلات کی فہرست تیار کریں اور تمام ہاسپٹلس میں ان کی موجودگی یقینی بنائیں۔ سرکاری دواخانوں میں بیڈس، ماسک، گلفس، وینٹی لیٹرس، آکسیجن اور ادویات کے ساتھ ساتھ ایمبولنس میں دستیاب رہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے اقدامات عبوری نوعیت کے ہیں۔ 12 سے زائد افراد کو عوام نے ریلوے اسٹیشنوں پر پکڑلیا جنہیں کورنٹائن کیا گیا تھا لیکن وہ خلاف ورزی کرتے ہوئے عوام میں نکل آئے۔ حکام کو کورنٹائن کئے گئے افراد پر کڑی نظر رکھنی چاہئے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی بلیک مارکٹنگ اور قیمتوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ سرکاری اور دیگر ضروری اشیاء زائد قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں۔ اگر یہی صورتحال 31 مارچ تک جاری رہی تو عوام کی جیب پر بھاری بوجھ پڑے گا۔