سرکاری دواخانوں میں کورونا وائرس کے سلسلہ میں چوکسی کی ہدایت

,

   

وزیر فینانس ہریش رائو کا دورہ، لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کی پولیس کو ہدایت
حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو نے آج سنگاریڈی کے سرکاری ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے قائم کردہ آئیسولیشن وارڈ کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر سپرنٹنڈنٹ پولیس اور دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ وزیر فینانس نے معائنے کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف ہاسپٹل بلکہ اطراف و اکناف کے علاقے میں صحت و صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل میں مریضوں کے علاج کے ساتھ ساتھ امکانی کورونا متاثرین کے علاج پر بھی خصوصی توجہ ضروری ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں شعور بیداری کی مہم چلائیں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے۔ ہریش رائو نے لاک ڈائون پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی اور کہا کہ عوام کو بازاروں میں نکلنے کی اجازت خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سختی کے ساتھ پابندیاں نافذ کی جائیں۔ انہوں نے ضلع میں لاک ڈائون کی صورتحال اور وائرس کی جانچ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ ضلع میں ایک بھی وائرس سے متاثرہ شخص نہیں ہے اور احتیاطی تدابیر کے ذریعہ یہ سلسلہ برقرار رکھا جائے۔ مواضعات میں عہدیداروں کی ٹیمیں روانہ کرتے ہوئے ضروری اشیاء سربراہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمشنرس، صدور نشین بلدیہ، کونسلرس، گرام سرپنچ اور وارڈ ممبرس عوام کے درمیان رہیں اور شعور بیداری میں تعاون کریں۔ شام 7 بجے تا صبح 6 بجے تک نائیٹ کرفیو پر سختی سے عمل کیا جائے۔ ہریش رائو نے کہا کہ انتہائی ضروری کام کی صورت میں عوام کو نکلنے کی اجازت ہوگی۔ کسی بھی ضرورت کے سلسلہ میں عوام 100 نمبر ڈائل کرسکتے ہیں۔ ہریش رائو نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ترکاری اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سخت قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ خاطی تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ہریش رائو نے کہا کہ اگر 14 اپریل تک وائرس پر قابو پالیا گیا تو پھر ملک میں مزید کوئی خطرہ نہیں رہے گا۔ عوام کو وائرس کے خطرے کے بارے میں واقف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ تحدیدات پر سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ سرکاری ملازمین کو دفاتر پہنچنے میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ محکمہ زراعت کے عہدیدار کسانوں کی پیداوار کی حکومت کی جانب سے خریدی کو یقینی بنائیں۔ ہریش رائو نے لاک ڈائون کے سلسلہ میں عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔