محبوب نگر میں ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ، رکن اسمبلی ینم سرینواس کی مریضوں سے ملاقات
محبو ب نگر۔ 13مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )گورنمنٹ وہپ، ایم ایل اے ،ینم سرینواس ریڈی نے کہا کہ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کو ہر طرح سے ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال میں منعقدہ ہاسپٹل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعد میں انہوں نے ضلع کلکٹر خوشبو گپتا کے ساتھ ’’ینم ہیلتھ کٹ ‘‘تقسیم کیئے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محبوب نگر جنرل ہاسپٹل میں منعقدہ جامع جائزہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ دواخانہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ایچ او ڈی ہر وارڈ کے لیے درکار آلات کی تفصیلات جمع کرائیں گے اور اس کی بنیاد پر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں ہسپتال کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آشا کارکنوں کے لیے خصوصی شیڈ بنانے کے ساتھ ساتھ ہیلپرز کے لیے ایک اضافی شیڈ بھی تعمیر کیا جائے گا اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ اب تک تقریباً 900 افراد کو ینم ہیلتھ کٹس فراہم کی جاچکی ہیں، اور اسپتال میں ڈلیوری کرنے والی ماؤں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میں نرسنگ ہومز اور پرائیویٹ ڈاکٹروں کے ساتھ بات چیت کے بعد تقریباً 25 خواتین کے اسپتالوں اور 30 بچوں کے اسپتالوں میں مفت او پی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔ آئی ایم اے کے صدر ڈاکٹر رام موہن نے نجی ڈاکٹروں کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر شہر میں تعلیم کے بعد صحت کی دیکھ بھال کو سب سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے اور ہمارا مقصد اگلے 6 ماہ سے ایک سال کے اندر نمایاں ترقی حاصل کرنا ہے۔ عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر آپس میں تال میل سے کام کریں گے اور خدمات کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں غریب گھرانوں کے مریض بڑی تعداد میں آرہے ہیں اور وہ انہیں معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو جلد درست کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں سٹی ڈپٹی میئر ماریپلی سریندر ریڈی، ڈسٹرکٹ لائبریری چیرمین مالو نرسمہا ریڈی، موڈا چیرمین لکشمن یادو، جنرل ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رنگا اجمیرا، ڈی ایم اینڈ ایچ او انچارج ڈاکٹر ششی کانت، کارپوریٹر سلمان، ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر جے رام موہن، ڈاکٹر سیموئل، بیجوگم نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ راگھویندر اور دیگر نے شرکت کی۔