حیدرآباد22فروری(یواین آئی)وزیر جنگلات اندراکرن ریڈی نے کہا ہے کہ عوام کو سرکاری اسپتالوں میں بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اوران اسپتالوں کی مختلف سہولیات میں اضافہ کیاجارہا ہے ۔انہوں نے نرمل ضلع مستقرکے سرکاری اسپتال میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے نصب سی ٹی ا سکین مشین کا آغاز کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی قیادت میں نرمل ضلع کے سرکاری اسپتال میں بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے مہنگے علاج سے محروم افراد کے مسائل کے حل کے لیے سرکاری اسپتال میں سی ٹی اسکین مرکز قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مالی بوجھ میں کمی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ زچہ و بچہ کی دیکھ بھال کے لیے کیے گئے اقدامات کے سبب ضلع اسپتال میں بستروں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور نارمل زچگیوں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں سیزرین کے ذریعہ زچگیوں پر روک لگائی گئی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈائیگناسٹک سنٹر کے ذریعہ عوام کو مختلف بیماریوں کے معائنے کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ 42 کروڑ کی لاگت سے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپتال بلڈنگ کامپلکس کی تعمیرکی جارہی ہے اور میڈیکل کالج کے قیام کے لیے 166 کروڑ روپئے کی منظوری دی گئی ہے ۔وزیرموصوف نے انکشاف کیا کہ جلد ہی ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے اور وزیراعلی کے ہاتھوں میڈیکل کالج کی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نرمل میونسپلٹی کے حدود میں 2000 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں، اقلیتی رہائشی اسکول 30 کروڑ سے تعمیر کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بھی وزیراعلیٰ کے ہاتھوں آغاز کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔