سرکاری محکموں میں ملازمتیں دلانے کا جھانسہ

   

لاکھوں روپئے لوٹنے والی ٹولی بے نقاب، نو افراد گرفتار
حیدرآباد /4 مارچ ( سیاست نیوز ) سرکاری محکموں میں درپردہ راستہ سے ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپئے لوٹنے والی ایک ٹولی کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون نے ایک کارروائی میں 9 رکنی ٹولی کو بے نقاب کیا اور 7 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ جبکہ دو سرغنہ مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 48.16 لاکھ روپئے اور فرضی اپوائینٹمنٹ لیٹرس اور موبائل فون ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 30 سالہ شیوا رجنی عرف سواتی ریڈی ، 29 سالہ عظیم الدین ساکن اندرا نگر 39 سالہ بھاونا جگدیش کمار نائیڈو ، ساکن شانتی نگر 47 سالہ رمیش بابو 37 سالہ ایم خالد خان ساکنان کڑپہ جبکہ 38 سالہ شیخ محی الدین ساکن سکندرآباد اور 50 سالہ اوبلا ریڈی ساکن کڑپہ کو گذشتہ دنوں گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس ٹولی کے دو ارکان غوث اور بالاکرشنا مفررو بتائے گئے ہیں ۔ سرکاری محکموں ، ریلوے فارسٹ اور پوسٹل ڈپارٹمنٹ میں بغیر امتحان کے ملازمت کا انہو ںنے وعدہ کرتے ہوئے کئی بے روزگار نوجوانوں سے درخواستیں حاصل کی اور لاکھوں روپئے ہڑپتے ہوئے انہیں فرضی اپوائینٹمنٹ لیٹر حوالے کئے ۔ دھوکہ دیا رچہ کنڈہ پولیس نے ایک شکایت کے بعد اسپیشل آپریشن ٹیم کے ذریعہ تحقیقات کرواتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کیا اور مفرور افراد کی تلاش کررہی ہے ۔