وقف بورڈ سے ذیلی کمیٹی کی تشکیل ، محمد مسیح اللہ خان چیرمین وقف بورڈ کا بیان
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات کے زیر استعمال اوقافی جائیدادوں کی نشاندہی اور متعلقہ محکمہ جات سے مذاکرات کے ذریعہ ان اراضیات کے حصول یا ان کے کرایہ کے تعین کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ذیلی کمیٹی کی تشکیل پر غور کیا جا رہاہے اور کہا جار ہا ہے کہ حکومت کے مختلف محکمہ جات بالخصوص محکمہ مال کے ساتھ جاری مقدمات کی یکسوئی کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے ذیلی کمیٹی کی تشکیل کا جائزہ لیا جا رہاہے کیونکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے حکومت نے محکمہ مال اور وقف بورڈ کے درمیان جاری تنازعات کی یکسوئی کے متعلق متعدد مرتبہ اقدامات کے اعلان کئے گئے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ مال کی جانب سے جلد ہی اس سلسلہ میں ریاستی وقف بورڈ سے مراسلت کے ذریعہ تنازعات کی یکسوئی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں محکمہ مال کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ضلع واری اساس پر اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حکومت کے احکامات کے مطابق بنائی کئی ضلعی کمیٹی جو ضلع کلکٹر کی زیر نگرانی خدمات انجام دیتی ہیں انہیں متحرک کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کا وقف بورڈ نے فیصلہ کیا ہے اور آئندہ اجلاس کے دوران توقع ہے کہ وقف بورڈ ریاست کی ان اوقافی جائیدادوں کا جائزہ لے گا جو سرکاری محکمہ جات کے زیر استعمال ہیں یا سرکاری محکمہ جات کے ساتھ قانونی رسہ کشی کا شکار ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور محکمہ مال کے ساتھ جاری اوقافی جائیدادوں کے تنازعات کی یکسوئی کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کروائی جاتی رہی ہے لیکن اب عملی طور پر موقوفہ اراضیات کے تنازعات کی یکسوئی کے لئے محکمہ مال اور وقف بورڈ کے درمیان مذاکرات کے علاوہ انہیں بہتر طریقہ سے حل کرنے کا وقت آگیا ہے اور وقف بورڈ کی جانب سے اپنی جائیدادوں پر ادعا جات کو ثابت کرنے کے سلسلہ میں تمام اراکین بورڈ اور ماہرین قانون سے مشاورت کی جائے گی۔ محکمہ مال کے ذرائع کے مطابق وقف بورڈ سے اس سلسلہ میں آئندہ ماہ کے اواخر میں مراسلت کا آغاز کرتے ہوئے موقوفہ اراضیات کے ریکارڈس کے علاوہ محکمہ مال کے ریکارڈ س کی جانچ کی جائے گی اور ضلع واری اساس پر موجود کمیٹیوں میں وقف بورڈ کے نمائندہ عہدیداروں اور اراکین کے ساتھ مذاکرات کے ذریعہ مقدمات کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ مال بالخصوص تمام ضلع کلکٹرس کو اس بات کی ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ موقوفہ اراضیات کی نشاندہی اور ان کے تحفظ کے سلسلہ میں موجود کمیٹیو ں کو متحرک رکھیں اور ان کو موصول ہونے والی شکایات پر فوری کاروائی کرتے ہوئے جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔