سرکاری ملازمتوں میں تقررات منجمد ، خانگیانے کا عمل زیادہ

,

   

مودی حکومت کی اقل ترین حکمرانی اور اعظم ترین خانگیانے کی پالیسی ،ناکامیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ویڈیو سیریز شروع کرنے کا راہول گاندھی کا اعلان

نئی دہلی۔ ملک بھر میں گزشتہ 45 سال کے دوران بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہونے کے بشمول مودی ساختہ تباہی کی طویل فہرست جاری کرنے کے ایک دن بعد کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر اپنی تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ آج انہوں نے سرکاری ملازمتوں میں تقررات کو منجمد کردینے کے مسئلہ کو اُٹھایا۔ راہول گاندھی نے ہندی میں ٹوئٹ کیا کہ مودی حکومت اقل ترین حکمرانی اور اعظم ترین خانگیانے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ کورونا کا مسئلہ تو صرف ایک بہانہ ہے۔ حکومت سرکاری دفاتر کو آزاد کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مستقل ملازمین کا مستقبل تاریک بنا دیا گیا ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کو سلب کرلیا گیا۔ ترقی صرف مودی حکومت کے دوستوں اور حاشیہ برداروں کو ہی مل رہی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ من مانی اقدامات کی فہرست پر مشتمل ایک اخبار کے مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اس حکومت نے نئے روزگار پیدا کرنے کا عمل ہی روک دیا ہے۔ تمام وزارتوں اور محکمہ جات میں یکم جولائی کے بعد پیدا ہونے والی ملازمتوں پر ہی تقررات عمل میں آرہے ہیں۔ آرٹیکل میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی جائیداد پر تقرر عمل میں لانا ناگزیر ہوجائے تب ہی اس پر ہی تقرر کیا جارہا ہے۔ اس سے پہلے محکمہ مصارف کی منظوری بھی حاصل کی جارہی ہے۔ راہول گاندھی اکثر و بیشتر مودی حکومت کی اختیار کردہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرنے میں اپوزیشن کی قیادت کررہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کی کہ ہندوستانی معیشت سے نمٹنے میں وہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ سرکاری معاشی ڈیٹا کل ہی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی جی ڈی پی 23.9% تک گھٹ چکی ہے۔ جو آزاد ہند کی تاریخ میں اعظم ترین انحطاط ہے۔ راہول گاندھی نے اعلان کیا کہ وہ ایک ویڈیو سیریز کا آغاز کریں گے جس میں مودی حکومت کی جانب سے ہندوستانی معیشت کو کس طرح تباہ کیا گیا ہے ، اس کی تفصیلات بتائی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ 2016ء کی نوٹ بندی کے بعد جی ڈی پی میں ریکارڈ گراوٹ آئی ہے۔ آنے والے دنوں میں یہ معیشت بری طرح تباہ ہوجائے گی۔ جی ایس ٹی قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ، اس ملک کی معیشت کے تابوت میں کورونا وائرس وباء کی آخری کیل ٹھوک دی گئی۔ جس سے کئی اہم صنعتیں بند ہوچکی ہیں اور لاکھوں افراد بیروزگار ہوگئے۔ہندوستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے راہول گاندھی ایک سے زائد مرتبہ حکومت کو مشورے دیئے ہیں ۔ انہوں نے سماج کے غریب طبقات کی مدد کیلئے بہبودی اقدامات پر بھی زور دیا ہے۔