کریم نگر میں کانگریس کا احتجاج، چیف منسٹر کا پتلا نذر آتش، لاٹھی چارج کی مذمت
کریم نگر۔ سٹی کانگریس کریم نگر کے زیر اہتمام صدر سٹی کانگریس کومٹی ریڈی نریندر کی زیر قیادت آج چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے سری کانت چاری دوران احتجاج شہید ہوگئے تھے۔ ان کے مجسمہ کو پھول مالا چڑھانے کے دوران کانگریس قائدین بشمول بلموری وینکٹ نرسنگ راؤ امیدوار حلقہ اسمبلی حضور آباد اور دیگر قائدین پولیس لاٹھی چارج میں زخمی ہوئے جس پر آج این ٹی آر مجسمہ کریم نگر پر کے سی آر کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ اس موقع پر نریندر ریڈی سٹی کانگریس صدر کریم نگر نے میڈیا کو بتایا کہ کے سی آر تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں کا جلد نوٹیفکیشن جاری کریں۔ بصورت دیگر بے روزگار نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر حکومت کے خلاف متحرک کیا جائے گا۔ علیحدہ تلنگانہ تشکیل کے دوران وہ تلنگانہ عوام سے وعدہ کئے تھے کہ تشکیل تلنگانہ کے فوری بعد لاکھوں سرکاری ملازمتیں دیں گے لیکن 7 سال کا طویل عرصہ گذر جانے کے بعد بھی وہ اپنے وعدے کو پورا نہیں کرسکے۔ وہ صرف حلقہ اسمبلی حضور آباد کے انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی امیدوار کی جیت کے لئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں لیکن عوام کے سی آر کے حربوں سے پوری طرح واقف ہوچکی ہے۔ اس موقع پر نریندر ریڈی نے کے سی آر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بنگارو تلنگانہ کے نام پر آندھرا ۔ تلنگانہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر شراون نائک، محمد تاج، عبدالصمد نواب، سرینواس ریڈی، سنیل، سندیپ، لنگم پلی بابو، قمر الدین، ستیہ نارائن ریڈی ودیگر موجود تھے۔
