943 ہاسپٹلس کا نیٹ ورک اور 2594 بیماریوں کا علاج اسکیم میں شامل
حیدرآباد۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے لاکھوں سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے لئے کیش لیس طبی خدمات فراہم کرنے والی ایمپلائز ہیلت اسکیم (EHS) کو 15 جولائی سے بقاعدہ طور پر نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف سکریٹری سنجو جاجو کی صدارت میں ملازمین یونینوں کے قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے اعلان کردہ ایمپلائز ہیلت اسکیم پر مکمل عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہت جلد ایمپلائز کو نئے ہیلت کارڈس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے واضح کیا کہ یہ نیا ہیلت کارڈ سسٹم ملازمین اور پنشنرس کو ہاسپٹلس میں بغیر کسی نقدم رقم کے بہترین اور عالمی معیار کا علاج فراہم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ نئے ای ایچ ایس کارڈس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوں گے۔ ملازمین اور پنشنرس انہیں کیو آر کوڈ کے ساتھ اپنے موبائیل فونس پر آسانی سے ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔ اس پورے سسٹم کو منظم کرنے کیلئے ملازمین کی تمام تفصیلات پر مبنی ایک مخصوص EHCT ایپ لانچ کیا جائے گا۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کارڈس کے تحت ہاسپٹلس میں علاج و معلجہ کے لئے سی جی ایچ ایس کی شرحیں لاگوں کی جائیں گی تاکہ علاج میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ نئی تفصیلات پر مبنی رہنمایانہ خطوط اندرون چار یوم جاری کردیئے جائیں گے۔ ریاست بھر کے 943 نامزد سرکاری اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں ان نئے ہیلت کارڈس پر مکمل طور پر کیش لیس (مفت) طبی خدمات دستیاب کرائی جائے گی۔ اس اسکیم کے دائرہ کار میں 2594 مختلف طبی طریقہ کار ٹریٹمنٹ اور سرجریز کا احاطہ کیا گیا ہے جس سے ملازمین کو چھوٹی سے لے کر بڑی سے بڑی بیماری کے علاج میں زبردست مالی راحت ملے گی۔ اس کے علاوہ نئے رہنمایانہ خطوط کو حتمی شکل دینے کیلئے 13 جولائی کو ایک اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ تمام ضلعی مراکز میں سرکاری خرچ پر ایمپلائز ویلفیر سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ 2؍F a/b/