سرکاری ملازمین و اساتذہ کو مراعات ، خانگی اساتذہ پریشان حال

   

Ferty9 Clinic

اسکولس انتظامیہ کا تنخواہیں دینے سے انکار ، آن لائن کلاسیس کے نام فیس وصولی
حیدرآباد۔ سرکاری ملازمین اور اساتذہ کے لئے حکومت کی جانب سے اعلانات کے بعد ریاست میں خانگی اساتذہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم اور مہا دھرنا منعقد کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سال گذشتہ کے دوران ہونے والی پریشانیوں کے باوجود ریاست میں خدمات انجام دینے والے خانگی اساتذہ کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب وہ کسی مشکلات کا شکار ہورہے ہیں اور 80 فیصد سے زائد اساتذہ ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے خانگی اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کے سلسلہ میں غیرسنجیدہ و غیر واضح پالیسی اختیار کئے جانے کے سبب خانگی اسکولوں کے انتظامیہ اور اساتذہ دونوں ہی مسائل کا شکار ہیں جبکہ ان کے ان مسائل کے اثرات طلبہ کی تعلیم پر بھی دیکھے جانے لگے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی سال 2020-21 کے ستمبر سے آغاز کا اعلان کیا جاچکا ہے اور تعلیمی سال کے دوران متعدد تحدیدات کے علاوہ اسکولوں کی کشادگی نہ کرنے کے احکامات کے سبب ریاست میں 99 فیصد اسکولوں کی کشادگی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جبکہ ایک فیصد اسکول اپنی مرضی سے چلائے جانے لگے ہیں۔ حکومت کی خانگی اسکولوں کے متعلق غیر واضح پالیسی ‘ والدین کی جانب سے آن لائن تعلیم کے باوجود فیس کی عدم ادائیگی کے سبب اسکولو ں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ اب بھی تنخواہوں سے محروم ہیں اور اسکول انتظامیہ کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے سبب والدین اور اولیائے طلبہ فیس ادا نہیں کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اسکول خسارہ میں ہے اور ان کے پاس خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ اساتذہ کا کہناہے کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے فیس وصولی کے باوجود انہیں تنخواہوں کی اجرائی میں کوتاہی کی جا رہی ہے اور والدین کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہاہے جبکہ اسکول انتظامیہ 70 فیصد سے زائد طلبہ کی فیس وصول کرنے میں کامیاب ہے۔ والدین اور سرپرستوں کا کہناہے کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد معاشی حالات انتہائی دگرگوں ہونے کے سبب وہ فیس کی ادائیگی کے اہل نہ ہونے کے باوجود اسکولوں کی جانب سے فیس کے مطالبات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔