تجاویز کو حکومت کی منظوری کا انتظار ۔ اقساط پر ادائیگی کی سہولت رہے گی
حیدرآباد۔12 ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں تمام سرکاری ملازمین کو تلنگانہ اسٹیٹ رینیویبل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے آسان اقساط پر الکٹرک بائیکس کی فراہمی کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ کہاجا رہاہے کہ ٹی ایس ریڈکو نے اس منصوبہ کے بعد حکومت کو تجاویز روانہ کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی منظوری کے بعد اسکیم کے متعلق تفصیلات کا انکشاف کیا جائے گا۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں الکٹرک بائیک ‘ موٹر سیکل ‘ مویپڈ کے علاوہ آٹو رکشا کو فروغ دینے اقدامات کئے جارہے ہیں اور الکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کے تمام سب اسٹیشنس پر الکٹرک چارجنگ اسٹیشنس کی تنصیب کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹی ایس ریڈکو کی جانب سے مختلف محکمہ ٔ جات میں 30 چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جا چکے ہیں تاکہ سرکاری ملازمین ان اسٹیشنوں سے استفادہ کرکے گاڑیوں کو چارج کرسکیں۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں مجموعی طور پر 9000الکٹرک گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں جن میں7000 بائیکس ہیں ۔ بیشتر گاڑیاں حیدرآباد میں ہیں اسی لئے شہر میں زیادہ چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد کے علاوہ ورنگل و کریم نگر میں بھی الکٹرک گاڑیاں ہیں۔ سرکاری محکمہ جات میں الکٹرک کاروں کو کرایہ پر حاصل کرنے احکام دیئے جا چکے ہیں اور ان کاروں کے حصول کیلئے ایجنسیوں کو قطعیت دینے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے چارجنگ اسٹیشنس کے قیام کیلئے 1000کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور ان کے قیام کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور تاحال 136چارجنگ اسٹیشنس کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ پراجکٹ ڈائرکٹر وی راما کرشنا کمار نے بتایا کہ تمام سب اسٹیشنس پر چارجنگ اسٹیشنس کے قیام کے سلسلہ میں پراجکٹ کو منظوری حاصل ہوچکی ہے اور جلد یہ کام مکمل کرلیا جائیگا۔م