ترقیات کا عمل تیزی سے جاری ۔ سبکدوشی کی حد میں اضافہ ہوگا ۔ ملازمین تنظیمیں پر امید
حیدرآباد۔ ریاستی حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے سے متعلق کسی بھی وقت فیصلہ کرسکتی ہے۔ سرکاری ملازمین طویل عرصہ سے فٹمینٹ کا انتظار کررہے ہیں۔ تنخواہوں پر نظر ثانی کا عمل آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں کا ماننا ہے کہ 20 جنوری کے بعد چیف منسٹر کے سی آر تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر بہتر فٹمینٹ دینے کے معاملہ میں سنجیدہ ہیں۔ اس سے ٹریژری کے ذریعہ تنخواہ حاصل کرنے والے 2.90 لاکھ ملازمین کو جہاں فائدہ ہوگا دوسری طرف دوسرے ملازمین کے ساتھ جملہ 9.36 لاکھ ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ چیف منسٹر کے سی آر کے وعدہ کے مطابق مختلف محکمہ جات میں ترقیات کے عمل میں تیزی پیدا ہوگئی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کا اجلاس طلب کرکے جنوری کے اواخر تک ترقیات کے عمل کو مکمل کرنے ہدایت دی ہے۔ ضلع کلکٹرس کے ساتھ بھی ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کرکے ترقیات کے عمل کا جائزہ لیا ہے۔ ایک تنظیم کے نمائندہ نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، ریٹائرمنٹ کی حد عمر میں اضافہ، ترقیات کیلئے خدمات کی حد کو تین سال سے گھٹاکر 2 سال کرنے سے متعلق ایک ہی پیاکیج کے تحت اعلان کرنے کا پہلے اعلان کیا گیا تھا مگر ترقیات کے عمل میں تیزی پیدا ہوجانے سے سرویس کی حد گھٹانے پہلے جی جی او جاری کردیا گیا۔ اس سے 50 ہزار ملازمین کو ترقی حاصل ہورہی ہے۔ صرف فٹمنٹ اور حد عمر میں اضافہ کا فیصلہ باقی رہ گیا ہے۔ پی آر سی کمیٹی نے فٹمینٹ پر حکومت کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ اس رپورٹ کا حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی تشکیل کردہ سہ رکنی کمیٹی نے پی آر سی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلات چیف منسٹر کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ پر چیف منسٹر ایک فیصلہ پر پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب ملازمین کی تنظیموں ٹی این جی او، ٹی جی او، سکریٹریٹ ایمپلائز تنظیم کے نمائندے فٹمینٹ کے تعلق سے اعلیٰ حکام سے رابطہ میں ہیں۔ عہدیداروں کو درکار معلومات فراہم کررہے ہیں۔ ملازمین کی تنظیموں کو بھی حکومت سے مثبت ردعمل کی اطلاعات ہیں۔ 20 جنوری کے بعد کسی بھی وقت فٹمینٹ کا اعلان ہونے کی ملازمین کی تنظیموں کے نمائندے امید کررہے ہیں۔